19

سابق کرکٹر منصور اختر کرپشن الزامات سے بری

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر منصور اختر کو کرپشن کے الزامات سے بری کردیا۔

قومی کرکٹ عمر اکمل نے 2019ء میں سابق ٹیسٹ کرکٹر منصور اختر پر الزامات لگائے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ گلوبل لیگ میں منصور اختر نے انہیں میچ فکسنگ کی پیشکش کی تھی۔

عمر اکمل نے کہا تھا کہ منصور اختر نے ان کو کینیڈا میں اپنے ہوٹل میں بلایا اور لابی میں ہونیوالی ملاقات میں انہیں میچ فکسنگ کی پیشکش کی تھی۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سابق ٹیسٹ کرکٹر منصور اختر کے خلاف کرپشن کے الزامات ثابت نہیں ہوسکے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سینئر منیجر اینٹی کرپشن یونٹ اسٹیو رچرڈسن کی جانب سے منصور اختر کو خط بھی لکھ دیا گیا ہے، جس میں واضح کیا گیا ہے کہ ان پر میچ فکسنگ کا کوئی چارج نہیں لگایا جارہا، الزامات کے حوالے سے جاری تفتیش کو ختم کردیا گیا ہے۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر مستقبل میں اس حوالے سے کوئی نئے شواہد سامنے آئے تو دوبارہ اس کیس کو کھولا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ سابق کرکٹر منصور اختر سابق ٹیسٹ کرکٹر فواد عالم کے سسر ہیں۔



اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں