22

چین میں ہونے والے ایشین گیمز ملتوی

چین میں کرونا وائرس کے ایک بار پھر کیسز میں تیزی سے اضافے کے بعد رواں سال ہونے والے ایشین گیمز ملتوی کردئیے گئے ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کی جانب سے چینی میڈیا کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ایشین گیمز کے 19 ویں ایڈیشن کا انعقاد 10 سے 25 ستمبر تک ہینگ ژو میں ہونا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اولمپک کونسل آف ایشیا گیمز کے باضابطہ التواء کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

چینی حکومت کی جانب سے واضح طور پر ایشین گیمز کے ملتوی کرنے کی وجوہات نہیں بتائی گئیں، تاہم یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس وقت چین کرونا وائرس کے دوبارہ سے بڑھتے کیسز کو قابو کرنے کیلئے نبرد آزما ہے۔

ایشین گیمز کی ویب سائٹ پر جاری مختصر بیان میں یہ کہا گیا ہے کہ رواں سال 10 سے 25 ستمبر تک ہونے والے ایشین گیمز کو ملتوی کردیا گیا ہے، جب کہ نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ منتظمین نے گزشتہ مہینے کہا تھا کہ مشرقی چین کے شہر ہینگ ژو نے ایشین گیمز اور ایشین پیرا گیمز کیلئے تقریباً 56 مقابلے کے مقامات کی تعمیر مکمل کرلی ہے۔

اس وقت یہ اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں کہ وائرس کنٹرول پلان کے تحت ایونٹس منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، جو بیجنگ سرمائی اولمپکس کے کامیاب تجربے سے سیکھا ہے، جن کا انعقاد رواں سال فروری میں کیا گیا تھا۔



اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں