35

انگلش پریمئر لیگ،مانچسٹر سٹی کی فتح

انگلش پریمئر فٹ بال لیگ میں دفاعی چمپئن مانچسٹر سٹی نے برائٹن اینڈ ہوو البیون، جب کہ اس سے قبل کھیلے گئے میچ میں آرسنل نے چیلسی اور نیوکیسل یونائیٹڈ نے کرسٹل پیلس کو شکست دے دی ہے۔

پریمیئر لیگ کے دلچسپ مقابلے انگلینڈ میں جاری ہیں۔ اتحاد اسٹیڈیم مانچسٹر میں کھیلے گئے اہم میچ میں دفاعی چمپئن مانچسٹر سٹی نے بآسانی برائٹن اینڈ ہوو البیون کو 0-3 گول سے ہرا دیا۔ فاتح ٹیم کی جانب سے ریاض مہریز، فل فوڈن اور برنارڈو سلوا نے ایک ایک گول کیا۔ میچ کے تینوں گول میچ کے دوسرے ہاف میں ہوئے۔ مانچسٹر سٹی کی اہم فتح کے بعد کلب نے لیور پول سے پہلی پوزیشن چھین لی۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پوائنٹ ٹیبل پر پہلی پوزیشن کیلئے لیور پول اور مانچسٹر سٹی میں تگڑا مقابلہ جاری ہے۔ سٹی کی فتح کے بعد لیور پول دوسری اور چیلسی تیسرے نمبر پر براجمان ہے۔

دوسری جانب لیسٹر سٹی اور ایورٹن کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا میچ 1-1 گول کی برابری پر ختم ہوا۔ اسٹام فورڈ برج، لندن میں کھیلے گئے میچ میں آرسنل کی ٹیم نے چیلسی کو دو کے مقابلے میں چار گول سے ہرا دیا۔ آرسنل کی فتح میں ایڈورڈ کیدار نکیٹی نے 2 ، جب کہ ایمیل اسمتھ رو اور بکائیو ساک نے ایک ایک گول اسکور کرکے اہم کردار ادا کیا۔

چیلسی کے خلاف اہم میچ میں ارسنل کی فتح پر لندن ازِ ریڈ کا ہیش ٹیگ سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ رہا اور آرسنل کے مداحوں کی جانب سے اس ہیش ٹیگ پر ٹیم کیلئے مبارکباد کا سلسلہ چلتا رہا۔

چیلسی کی جانب سے ٹیمو ورنر اور سیزر ایزپیلیکیٹ نے ایک ایک گول کیا۔ سینٹ جیمز پارک، نیو کیسل میں کھیلے گئے میچ میں میزبان نیوکیسل یونائیٹڈ کی ٹیم نے سخت مقابلے کے بعد کرسٹل پیلس کی ٹیم کو 0-1 گول سے ہرا دیا۔ نیو کیسل یونائیٹڈ کی جانب سے واحد گول میگوئل لامیرون نے میچ کے 32 ویں منٹ پر اسکور کیا۔


اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں