ڈینگی 50

حکومت پنجاب کے ڈینگی کنٹرول پروگرام کے تحت ڈینگی کی وباء کو روکنے

راولپنڈی۔ سیکریٹری ہیلتھ پنجاب کیپٹن (ر)محمد عثمان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کے ڈینگی کنٹرول پروگرام کے تحت ڈینگی کی وباء کو روکنے کے لئے نئی ایس او پیز پر مبنی ڈینگی کنٹرول ماڈل متعارف کرایا گیا ہے جس کی ترجیحات پر مربوط و مؤثر عمل درآمد کے لئے متعلقہ سرکاری محکموں کی ٹریننگ کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ اس سال کے ڈینگی کنٹرول ماڈل کا حسب منشا نفاذ یقینی بنا کر ڈینگی کی وباء کو روکنے کے لئے بروقت اقدامات مکمل کئے جاسکیں –
انہوں نے اس امر کا انکشاف راولپنڈی آرٹس کونسل میں منعقد ہونے والے ڈویژنل سطح کی دو روزہ ڈینگی کنٹرول ٹریننگ کے افتتاحی سیشن میں تربیتی لیکچر دیتے ہوئے کیا- اس موقع پر کمشنر راولپنڈی ڈویژن کیپٹن (ر) محمد محمود، ڈپٹی کمشنر سیف اللہ ڈوگر، سٹیشن کمانڈر راولپنڈی بریگیڈیئراعجاز قمر کیانی اور ان کی ٹیم کے افسران، راولپنڈی اور چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈز، انتظامیہ، ہیلتھ، واسا، میونسپل کارپوریشن، راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سمیت ضلع راولپنڈی اور ڈویژن کے دیگر اضلاع سے سرکاری محکموں کے افسران نے ٹریننگ سیشن میں شرکت کی –
سیکریٹری ہیلتھ پنجاب کیپٹن (ر) محمد عثمان نے کہا کہ راولپنڈی ڈویژن میں سرکاری محکموں کے لئے ڈینگی کنٹرول ٹریننگ کا انعقاد کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) محمد محمود کی خصوصی کاوشوں کی بدولت کیا گیا ہے جس سے ڈینگی ایکشن پلان سے متعلقہ سرکاری محکموں اور اداروں کی استعداد کار میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا اور وہ مکمل تیاری کے ساتھ بروقت اقدامات کرکے ڈینگی کی افزائش کا باعث بننے والے تمام عوامل کا خاتمہ یقینی بنا سکیں گے – سیکریٹری ہیلتھ پنجاب نے ڈویژن کے چاروں اضلاع کی انتظامیہ اور معاون سرکاری محکموں کے افسران کے مابین بھرپور اشتراک عمل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اس امر کی بطور خاص تاکید کی کہ ڈینگی کنٹرول کے سلسلہ میں منعقدہ دو روزہ ٹریننگ میں ماہرین کی جانب سے دی جانے والی گائیڈ لائن سے مکمل استفادہ کیا جائے اور متعلقہ دائرہ کار میں ڈینگی کے خلاف حفاظتی اقدامات اور احتیاطی تدابیر کا تمام تر عمل قبل از وقت مکمل کر لیا جائے تاکہ ڈویژن بھر میں کسی جگہ ڈینگی مچھر کی افزائش نہ ہونے پائے – انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے خلاف ریسورس موبلائزیشن مطلوبہ انداز میں کی جائے اور ڈینگی کنٹرول کے لئے تمام تر عمل میں کوالٹی آف ورک پر خصوصی توجہ دی جائے، اسی طرح آؤٹ اور ان ڈور ویکٹر سرویلنس کو باقاعدہ بنایا جائے – انہوں نے ہدایت کی کہ گذشتہ سال جن علاقوں میں ڈینگی وباء پھیلی وہاں ٹارگٹ سرویلنس کی جائے –
ڈینگی کنٹرول ٹریننگ میں ڈاکٹر وسیم اکرم نے ویکٹر کنٹرول پر تربیتی لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ ڈینگی سے بچاؤ کے لئے سکلز مینجمنٹ بہت اہم ہے- انہوں نے ڈینگی کے خلاف آگاہی مہم میں کمیونٹی کی بھرپورشرکت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈینگی کے ہاٹ سپاٹس کی چیکنگ بروقت کی جائے اور ڈینگی کی افزائش کا باعث بننے والے عوامل کا مکمل سدباب یقینی بنانے کے لئے سول سوسائٹی کے تمام شعبوں اور کاروباری اداروں سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کی مکمل آگاہی کا اہتمام کیا جائے – انہوں نے کہاکہ ڈینگی کنٹرول پروگرام کے تحت مائیکرو پلانز کی تیاری اور ہیومن ریسورس مینجمنٹ میں مکمل مہارت کا مظاہرہ کیا جائے – ٹریننگ سیشن کے شرکاء سے کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) محمد محمود، سٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر اعجاز قمر کیانی، ڈپٹی کمشنر سیف اللہ ڈوگر، ڈاکٹر آصف، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سہیل اور دیگر افسران نے بھی خطاب کیا- انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے خلاف مکمل اشتراک عمل سے کام کیا جائے گا – انہوں نے کہا کہ اداروں کے مابین کامل ربط کے تحت ڈینگی کنٹرول کے لئے اقدامات کو تکمیل کی جانب بڑھایا جائے گا- سٹیشن کمانڈر نے کہا کہ اس ضمن میں راولپنڈی گیریژن کی طرف سے مکمل معاونت فراہم کی جائے گی –
((((((۰))))))

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں