kashmir 78

راولپنڈی پولیس مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی

راولپنڈی:سٹی پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد فیصل رانا نے کہا ہے کہ کشمیر بنے گا پاکستان نوشتہ دیوار ہے انڈین افواج کے مظالم نے ہٹلر اور ہلاکو خان کے مظالم کو شرما دیا ہے،راولپنڈی پولیس مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتی رہے گی،راولپنڈی میں کشمیری مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے جتنی بھی ریلیاں نکلیں انہیں راولپنڈی پولیس نے مکمل سیکورٹی دی ہے،آئندہ بھی کشمیری مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے نکلنے والی تمام ریلیوں کو فرض سمجھ کر سیکورٹی دیتے رہیں گے،ان خیالات کا اظہار سی پی او نے کشمیری مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے نکلنے والی ریلیوں کو سیکورٹی دئیے جانے کے حوالے سے طلب اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا،سی پی او فیصل رانا نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں پرہونے والے مظالم نے آزادی کشمیر کی منزل کو قریب تر کر دیا ہے،پہلے لوگ ظلم و بربریت کے حوالے سے ہلاکو خان اور ہٹلر کی مثالیں دیا کرتے تھے لیکن انڈین افواج جس طرح مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کی نئی تاریخ رقم کر رہی ہیں اس نے ہٹلر اور ہلاکو خان کے مظالم کو بھی شرما دیا ہے،سی پی او نے پولیس افسران کے اجلاس کے دوران حسب روایت کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ مستانہ اس قدر جذباتی انداز میں لگایا کہ اجلاس میں جذباتی ماحول پیدا ہو گیا،جس کے بعد اجلاس میں شریک ہر پولیس آفیسر نے کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ لگوایا۔