راولپنڈی 67

ریجنل پولیس دفتر راولپنڈی میں راولپنڈی ریجن کے انسپکٹرز کو انسداد دہشتگردی کے مقدمات کی تفتیش سے متعلق خصوصی ورکشاپ کے نویں سیشن کا اہتمام کیا

راولپنڈی ریجنل پولیس دفتر راولپنڈی میں راولپنڈی ریجن کے انسپکٹرز کو انسداد دہشتگردی کے مقدمات کی تفتیش سے متعلق خصوصی ورکشاپ کے نویں سیشن کا اہتمام کیا گیا۔ورکشاپ کا اہتمام ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی محمد احسان طفیل نے انسپکٹرجنرل آف پولیس پنجاب کے خصوصی احکامات کے تحت کیا۔ورکشاپ کے انعقاد کامقصدراولپنڈی ریجن کے پولیس انسپکٹرز کو انسداد دہشتگردی ایکٹ کے مقدمات کی تفتیش کے درست طریقہ کار،شہادتوں کو اکٹھا کرنا، تفتیش میں پائے جانے والے نقائص اور انکی درستگی سے آگاہ کرنا ہے۔تفصیلات کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی محمداحسان طفیل نے انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کے احکامات کے تحت اپنے دفتر میں انسداد دہشتگردی مقدمات کی تفتیش کے طریقہ کار اور پولیس تفتیش میں پائے جانے والے نقائص کی نشاندہی اور دیگر امور سے متعلق ورکشاپ کے پانچویں فیز کے نویں سیشن کا انعقاد کیا۔ورکشاپ میں ریجن کے چاروں اضلاع راولپنڈی،اٹک، جہلم اور چکوال کے ہر انسپکٹر کو دومختلف سیشنز میں تربیت دی جارہی ہے جسکے چار فیز کے آٹھ سیشن مکمل ہو چکے ہیں۔پانچویں فیز اورنویں سیشن کی ورکشاپ میں ضلع راولپنڈی سے 11 اورچکوال سے02 انسپکٹرزنے شرکت کی۔ ورکشاپ میں لیکچر کے لئے انسداد دہشتگردی کور ٹ کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل طاہر کاظم کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نے ورکشاپ کے شرکاء کو انتہائی جامع انداز میں دہشتگردی کے مقدمات کی تفتیش کے درست اور منظم انداز میں تفتیشی طریقہ کارکے متعلق لیکچر دیا۔ورکشاپ کے شرکاء کو خصو صی طور پر دہشتگردی کے مقدمات میں مادی شہادتوں کے حصول اور انکی درست انداز میں عدالت میں پیش کرنے کے طریقہ کار کو وضح کیا گیا،نیز شرکاء کو اس بات پر خصوصی زور دیا گیا کہ دہشتگردی کے مقدمات چونکہ سنگین نوعیت کے ہوتے ہیں ان میں کسی قسم کی کمی یا نقائص سے ملزمان کو فائدہ پہنچتا ہے اس لئے ان مقدمات میں تفتیش کرتے وقت تمام پہلوؤں کو ہر صو رت مدنظر رکھیں اور کسی بھی شہادت کو غیر اہم نہ سمجھیں تاکہ اصل ملزمان کسی بھی صورت سزا سے بچ نہ سکیں۔ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی محمد احسان طفیل نے اس موقع پر کہا کہ راولپنڈی ریجن کے تمام انسپکٹرز کی اس ورکشاپ میں شمولیت کو یقینی بنایا جائیگا۔ پولیس انسپکٹرز کے لئے اس طرح کی ورکشاپ کا انعقاد کرنے سے انکی پیشہ وارانہ مہارت،استعداد کار اور تفتیشی صلاحیتوں میں مزید بہتری آئے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں