Murree news 17 51

سی پی او محمد فیصل رانا کا چہلم حضرت امام حسین کے موقع پر نکلنے والے جلوس کے روٹ کا معائنہ

راولپنڈی سی پی او محمد فیصل رانا کا چہلم حضرت امام حسین کے موقع پر نکلنے والے جلوس کے روٹ کا معائنہ، امن کمیٹی کے ممبران کا شکریہ، جنہوں نے راولپنڈی میں امن کے قیام کیلئے کلیدی کردار ادا کیا کسی کو معاشرتی امن تبا ہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، چہلم کے موقع پر فول پروف انتظامات مکمل، روایتی اور لائسنسی جلوسوں میں ایک ہی داخلی و خارجی راستہ ہوگا، روٹ کے راستے میں آنے والے بازار اور دوکانیں بند جبکہ رہائشی مکانات کی کھڑکیوں میں کھڑا ہونا ممنوع ہوگا،چھتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات ہوں گے جبکہ گھڑ سوار پولیس اہلکار بھی جلوس کو اپنے حصار میں لیں گے، جلوس میں داخل ہونے والے تمام افراد کی باڈی سرچ کی جائے گی، خواتین کی تلاشی کیلئے لیڈیز پولیس تعینات کی جائیں گی، تفصیلات کے مطابق سٹی پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد فیصل رانا نے چہلم حضرت امام حسین کے مرکزی جلوس کے روٹ کا معائنہ کیا اور سیکورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا، اس موقع پر ایس ایس پی آپریشنز طارق ولایت نے سی پی او محمد فیصل رانا کو چہلم کے سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، روٹ کے راستے میں آنے والی حساس تنصیبات اور سیکورٹی پلان کو مدنظر رکھتے ہوئے فول پروف سیکورٹی انتظامات کے متعلق بریف کیا۔اس موقع پرسی پی او محمد فیصل رانا نے امن کمیٹی کا شکریہ ادا کیا جن کی کاوشوں سے محرم الحرام میں راولپنڈی کا امن قائم رہا اور اس امیدکا اظہار کیا کہ چہلم امام حسین کے موقع پر بھی ممبران امن کمیٹی اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں گے، سی پی او نے کہا کہ کسی کو معاشرتی امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، راولپنڈی پولیس ہر اس عنصر کو سخت قانونی جواب دے گئی جو کسی بھی قسم کا فرقہ وارانہ فساد برپا کرنا چاہتا ہے، سی پی او ہدایت کی کہ تمام جلوسوں کی مکمل ویڈیو ریکارڈنگ ہونی چاہیئے، روٹ کے اہم اور حساس مقامات پر CCTV کیمرے لگے ہوں، ڈویژنل ایس پیز جلوس کی براہ راست نگرانی کریں گے اور شر انگیزعناصر کے خلاف فوری مقدمات درج کرواکے بند حوالات کریں، سی پی او نے کہا کہ جلوس کی سیکورٹی تین رویہ ہوگی اور جلوس مقررہ اوقات پر شروع ہوکر اختتام پذیر ہوں گے، اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، راولپنڈی کی عوام مشکوک سرگرمیوں میں ملوث افراد کے بارے میں پولیس کو اطلاع دیں تاکہ شرپسند عناصر کو اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہ ہونے دیا جائے، راولپنڈی پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ اور عزت و آبرو پر کسی بھی قسم کی آنچ نہیں آنے دے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں