Robbery 85

تھانہ ویسٹریج کی حدود میں ڈکیتی،نجی ریسٹورنٹ کے ملازمین سے نقدی اور موبائل فونز چھین لئے گئے

راولپنڈی کینٹ میں ڈکیتی کی وارداتوں پر قابو نہ پایا جا سکا،علاقہ مکینوں سے اسلحہ کی نوک پر موبائل فونز،نقد رقم اور قیمتی اشیاء چھیننے کے واقعات معمول بن گیا،تھانہ ویسٹریج کے علاقہ میں تین نا معلوم ڈاکو گن پوائنٹ پر نجی ریسٹورنٹ کے ملازمین سے موبائل فونز اورنقدی چھین کر فرار ہوگئے،نوجوان ایک گھنٹہ پولیس ایمرجنسی ہیلپ لائن پر کالز کرتے رہے مگر پولیس ٹس سے مس نہ ہوئی۔تفصیلات کے مطابق رینج روڈ کے رہائشی راجہ رمیز نے آئی جی پنجاب پولیس سے اپیل کرتے ہوئے بتایا ہے کہ گذشتہ شب نجی ریسٹورنٹ سے اپنے دوست کے ساتھ گھر جا رہے تھے کہ تھانہ ویسٹریج کی حدود لائن نمبر 03کے قریب تین نا معلوم نقاب پوش ڈاکو موٹر سائیکل پر یکدم سامنے آگئے اور اسلحہ تان کر موبائل فونز اور جیب میں موجود تمام رقم نکال لی۔راجہ رمیز نے بتایا ہے کہ ان کے پاس ماہانہ تنخواہ کے 60ہزار روپے اور ایک تیس ہزار روپے مالیت کا موبائل فون تھا جبکہ ان کے دوست کے پاس 25سو روپے اور20ہزار روپے مالیت کا فون اسلحہ کی نوک پر چھین کر لے گئے اور ہمارے موٹرسائیکل کی چابی جھاڑیوں میں پھینک دی۔انہوں نے بتایا کہ راہگیروں کے موبائل فونز سے پولیس ایمرجنسی ہیلپ لائن پر متعدد بار کالز کی گئیں مگر پولیس موقع پر آنے کی بجائے موبائل فونز پر بار بار تفصیلات پوچھتی رہی۔رمیز نے بتایا کہ ان کے ساتھ ہونے والا واقعہ کا مقدمہ ابھی تک درج نہیں کیا جا سکا۔انہوں نے آئی جی پنجاب پولیس سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ تھانہ ویسٹریج پولیس کے رویے کا نوٹس لیا جائے اور واقعہ کا مقدمہ درج کر کے ملزمان گرفتارکئے جائیں۔