Driving 98

راولپنڈی کے ڈرائیونگ سکول سے گزشتہ ماہ 119شہریوں نے ڈرائیونگ کی تربیت حاصل کی

راولپنڈی:سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کے ڈرائیونگ سکول سے گزشتہ ماہ 119شہریوں نے ڈرائیونگ کی تربیت حاصل کی۔ تفصیلات کے مطابق انچارج ڈرائیونگ سکول کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس میں تمام احتیاطی تدابیرکو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے گزشتہ ماہ119شہریوں نے کانسٹیبل غلام اصغر شہید ڈرائیونگ سکول سے ڈرائیونگ کی تربیت حاصل کی۔ ڈرائیونگ سیکھنے والوں میں 75مرد اور44خواتین شامل ہیں۔ڈرائیونگ کورس کے اختتام پر چیف ٹریفک آفیسرراولپنڈی رائے مظہر اقبال نے ڈرائیونگ سکول سے تربیت حاصل کرنے والے امیدواروں میں سرٹیفیکیٹ بھی تقسیم کیے ۔اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی رائے مظہر اقبال کا کہنا تھا کہ تھیوری کلاس میں سٹوڈنٹس کے درمیان باقاعدہ سماجی فاصلہ رکھ کے بٹھایا جاتا ہے اورپریکٹیکل ڈرائیونگ کلاس کے دوران گاڑی میں چار کے بجائے دو سٹوڈنٹس کو ٹریننگ دی جا رہی ہے اور ہر کلاس کے بعدکلاس اور گاڑی میںباقاعدہ طور اینٹی کرونا سپرے بھی کروایا جا رہا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ تھیوری کلاس میں تمام امیدواروں کو ٹریفک قوانین اور اشاروں کے متعلق تربیت دی جاتی ہے تا کہ وہ ٹریفک قوانین کو سمجھ کر ان پر ذمہ داری کے ساتھ عمل پیرا ہوں کیونکہ زندگی انمول ہے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کر کے زندگی کو روڈ حادثات کی نظر نہیں کرنا چاہیے ۔