Parade 22

25مارچ کو ہونے والی پریڈ کے لیے خصوصی ٹریفک پلان جاری

راولپنڈی:چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی رائے مظہر اقبال کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کے ڈیوٹی آفیسر ہیڈ کواٹر نے25مارچ کو ہونے والی پریڈ کے لیے خصوصی ٹریفک پلان جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈیوٹی آفیسر ہیڈ کواٹرکے مطابق 25مارچ بروز جمعرات کو ہونے والی پریڈ کے موقع پر بہترین ٹریفک انتظامات کے پیش نظر ٹریفک پولیس کے09ڈی ایس پیز،25انسپکٹر،272ٹریفک وارڈنزاور 69ٹریفک اسسٹنٹس سکیورٹی کے پیش نظر ، شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لیے خصوصی ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔ 25مارچ کورات 12کے بعد ہیوی ٹریفک کے داخلہ پر مکمل پابندی ہو گی جبکہ صبح5بجے سے تا اختتام پریڈپروگرام فیض آباد سے جانب راولپنڈی اور جانب اسلام آباد ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند رکھا جائے گا۔ اسی طرح راولپنڈی مری روڈسے اسلام آباد جانے والی ٹریفک کو ڈبل روڈ چوک سے ڈائیورشن پوائنٹ براستہ سٹیڈیم روڈ سے 9thایونیو اسلام آباد بھیجا جائے گا جبکہ کرال چوک سے اسلام آباد ایکسپریس وے پر آنے والی ٹریفک کھنہ پل سروس روڈ سے ہوتے ہوئے چونگی نمبر8، بند کھنہ روڈ/صادق آباد براستہ راول روڈ /سی بلاک، مری روڈ سے ہوتے ہوئے سٹیڈیم روڈ سے9thایونیو جائے گی جبکہ 9thایونیو سے سٹیڈیم روڈ کی طرف آنے والی ٹریفک کو IJPروڈ کی طرف بھیجا جائے گا جہاں وہ ناکہ کٹاریاں اور کیرج فیکٹری ناکہ سے راولپنڈی میں داخل ہو سکے گی۔اس حوالے سے چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی نے سرکل کے تمام ڈی ایس پیز اور انچارجز کو ہدایت جاری کیں کہ یہ ایک اہم دن ہے لہذاذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے فرائض انتہائی الرٹ رہتے ہوئے سر انجام دیں اور ٹریفک پلان کے مطابق سکیورٹی کو یقینی بناتے ہوئے ٹریفک کو متبادل راستوں پر رواں دواں رکھیں۔اس سلسلے میں وارڈنز کی طرف سے کسی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔