RDA 60

راولپنڈی رنگ روڈ اور نالہ لئی ایکسپریس منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے،میاں محمودالرشید

راولپنڈی: وزیر ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ پنجاب میاں محمود الرشید نے راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ رنگ روڈ اور نالہ لئی ایکسپریس وے کے منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ایل ڈی اے کے نیا پاکستان اپارٹمنٹس طرزِ کا منصوبہ راولپنڈی میں بھی شروع کیا جائے،ایل ڈی اے اس ضمن میں تمام تر تکنیکی معاونت فراہم کرے گا ۔یہ ہدایت انہوں نے یہاں راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے منصوبوں کے جائز ہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ چیرمین آر ڈی اے طارق محمود مرتضی ، ڈی جی کیپٹن ( ریٹائرڈ) عبد السّتار عیسانی، جنرل سیکرٹری ہاؤسنگ ٹاسک فورس عاطف ایوب،وائس چیئرمین واسا لاہورشیخ امتیاز اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔چیرمین آر ڈی اے طارق محمود مرتضی ، ڈی جی آر ڈی اے کیپٹن ( ریٹائرڈ) عبد السّتار عیسانی نے میاں محمود الرشید کو ادارے کی کارکردگی کے متعلق
تفصیلی بریفنگ دی ۔میاں محمودالرشید نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کی ذاتی طور پر نگرانی کررہے ہیں، آر ڈی اے اس ضمن میں اپنے قابل عمل منصوبے جلدازجلد منظوری کیلئے بھجوائے۔ طارق محمود مرتضیٰ اور کیپٹن ( ر) عبد السّتار عیسانی نےاس موقع پر بتایا کہ نالہ لئی ایکسپریس اربن ریجنریشن پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے حوالے سے پی سی – 1 تیا ر کیا جا رہا ہے، سپیشل اکنامک زونز، رنگ روڈ پروجیکٹ کے علاوہ اقتصادی ترقی کے لئے سٹی کلسٹرز ،بزنس حب ، صنعتی زونز ، ٹرانسپورٹ ٹرمینلز ، رہائشی املاک ، تعلیم کے مراکز ، صحت شہر ، سبزیوں / پھلوں اور اناج مارکیٹوں ، جانوروں کی منڈیاں ، تفریحی پارکس ، لاجسٹک حب کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔میاں محمود الرشید نے شہر ی سہولیات کی فراہمی کے لیے آ ر ڈی اے کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارے کی اس ضمن میں کارکردگی قابل ستائش ہے۔۔۔۔۔۔