New Year's Eve 76

سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے نیو ائیر نائٹ کے لیے جامع ٹریفک پلان جاری کر دیا

راولپنڈی:سینئر ٹریفک آفیسر راولپنڈی سید عابد عباس شاہ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ڈیوٹی آفیسر ہیڈ کواٹر محمد وسیم نے نیو ائیر نائٹ کے موقع پر شہریوں کو ٹریفک کی تمام سہولیات اور ون ویلنگ کی روک تھام کے لیے راولپنڈی سمیت تحصیل ہائے کے لیے جامع اور منظم ٹریفک پلان جاری کر دیا۔ڈیوٹی آفیسر محمد وسیم کا کہنا تھا کہ نیو ائیر نائٹ کے موقع پر ٹریفک پولیس کے 09 ڈی ایس پیز، 18انسپکٹرز، 191ٹریفک وارڈن اور57 ٹریفک اسسٹنٹس خصوصی ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔نیو ائیر نائٹ پر ون ویلنگ اور کار سکٹنگ کی روک تھام کے لیے7سپیشل سکواڈ بنائے گئے ہیں جو کہ ما ل روڈ،پشاور روڈ،بینک روڈ، جہلم روڈ، اولڈ ائیر پورٹ روڈ،مری روڈاور سکستھ روڈ پر بھرپور ایکشن میں نظر آئیں گے اور خلاف ورزی کے مرتکب منچلوں کے خلاف بھر پور قانونی کاروائی عمل میں لاتے ہوئے انھیں جیل بھیجا جائے گا۔مری کے داخلی راستوں پر ون ویلنگ کی روک تھام کے لیے خصوصی پکٹس قائم کی جائیں گی جہاں ٹریفک پولیس کی اضافی نفری تعینات ہو گی۔ جبکہ سکیورٹی کے پیش نظر کالے شیشے،بغیر رجسٹریشن، غیر نمونہ نمبر پلیٹ اور بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر نظر رکھتے ہوئے سخت قانونی کاروائی کی جائے گی۔اس مو قع پر سینئر ٹریفک آفیسر راولپنڈی سید عابد عباس شاہ نے سرکل کے تمام ڈی ایس پیز اور سیکٹر انچارجز کو احکامات جاری کیے کہ ٹیم ورک اور مکمل کوآرڈینشن کے ساتھ فرآئض کی ادائیگی کو یقینی بنائیں اورمحنت اور ذمہ داری کے ساتھ ڈیوٹی کو فرض سمجھ کر عوام الناس کو ٹریفک سہولیات فراہم کی جائیں اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انھوں نے والدین سے بھی خصوصی اپیل کی کہ ان اہم دنوں میں اپنے بچوں پر خصوصی نظر رکھیں اور کم عمری میں انھیں موٹر سائیکل یا گاڑی دینے سے گریز کریں تا کہ آپ کو کسی قسم کی قانونی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔