Christmas cake 27

مسیحی پولیس ملازمین کے اعزاز میں کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب کا اہتمام کیا

راولپنڈی :ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی عمران احمرنے ریجنل دفتر میں تعینات مسیحی پولیس ملازمین کے اعزاز میں کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب کا اہتمام کیا۔تقریب میں ریجنل پولیس دفتر میں تعینات مسیحی پولیس ملازمین نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ آرپی او نے ملازمین میں نقد رقم کی صورت میں عیدی بھی تقسیم کی او ر انکے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔تفصیلات کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی عمران احمر نے آمدہ کرسمس کے تہوار کے سلسلہ میں اپنے دفتر میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا جس میں ریجنل پولیس دفتر میں تعینات تمام مسیحی ملازمین نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ تقریب میں آرپی او راولپنڈی سمیت اے ڈی آئی جی طاہر عباس،اسسٹنٹ ڈائریکٹر صداقت حسین اور دیگر عملے نے شرکت کی۔ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی نے اس موقع پر مسیحی ملازمین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کی اس تقریب کا مقصد آپکو یہ باور کروانا ہے کہ ہم آپکی خوشیوں میں شریک ہیں اور آپکو ہر موقع پر اس بات کا احساس دلاتے رہیں گے کہ آپ ہماری کمیونٹی کے ایک اہم رکن ہیں۔ریجنل پولیس دفتر میں تعینات مسیحی ملازمین اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں سرانجام دے رہے ہیں جنکی خدمات کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ آرپی او راولپنڈی نے مسیحی ملازمین کے ہمراہ کرسمس کیک کاٹا اور خصوصی طور پر انہیں عید ی بھی نقد رقم کی صورت میں تقسیم کی۔تقریب کے اختتام پر تمام مسیحی ملازمین نے آر پی او راولپنڈی کاتقریب کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا۔