Over speeding 11

راولپنڈی ٹریفک پولیس کی اوور سپیڈنگ کے خلاف بھرپور کاروائی

راولپنڈی سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کے کیمرہ سکواڈ کے انچارج احمد نواز تارڑنے ضلع راولپنڈی کی مختلف شاہراہوں پر سپیڈ کنٹرول کیمرہ نصب کر کے اوور سپیڈنگ کے خلاف بھرپور کاروائی عمل میں لائی۔تفصیلات کے مطابق سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کے کیمرہ سکواڈ نے گزشتہ ماہ اولڈ ائیر پورٹ روڈ، نیو ائیر پورٹ روڈ، ٹیکسلا، کلر سیداں اور مہر آباد سیکٹر میں کیمرہ نصب کر کے اوور سپیڈنگ کے خلاف بھرپور کاروائی کرتے ہوئے1603 گاڑیوں کو چالان ٹکٹ جاری کیے گئے۔انچارج کیمرہ سکواڈ احمد نواز تارڑ کا کہنا تھا کہ شاہراہوں پر کیمرہ لگانے کا مقصدسفر کو محفوظ بنانا اور روز مرہ کے حادثات میں کمی لانا ہے،اوور سپیڈنگ اور غلط اوورٹیکنگ کرنے والے اپنے ساتھ ساتھ دوسروں کی زندگی کو بھی خطرے میں ڈالتے ہیں۔ان حادثات کی روک تھام کے لیے سپیڈ چیکنگ کیمروں کا استعمال ضروری ہے۔ان کا مزید کہناتھا کہ ٹریفک پولیس راولپنڈی کی اولین ترجیح عوام کے سفر کو آسان اور زندگی کو محفوظ بنانا ہے جس کے لیے ٹریفک پولیس راولپنڈی وہ تمام اقدامات کر رہی ہے جس سے قیمتی جانوں کو بچایا جا سکے۔