SSP Operations 12

ایس ایس پی آپریشنز کی جانب سے محافظ سکواڈ اور ڈولفن سکواڈ کے افسران کو بریفنگ

راولپنڈی:ایس ایس پی آپریشنز کی جانب سے محافظ سکواڈ اور ڈولفن سکواڈ کے افسران کو بریفنگ، محافظ و ڈولفن سکواڈ کا نیا بیٹ سسٹم نافذ، کرائم پاکٹس کے حوالے سے ہالٹنگ پوائنٹس وضع کر دئیے گئے، محافظ و ڈولفن سکواڈ نہ صرف آپس میں رابطہ کو زیادہ موثر بنائیں گے بلکہ تھانہ، ٹیکٹیکل ایکشن گروپ اور سینٹرل پکٹنگ یونٹ کے ساتھ بھی متواتر رابطہ میں رہیں گے تاکہ جرائم پر قابو پانے میں مدد مل سکے، گشت کے نظام کو مزید موثر بنانے کے ساتھ ساتھ جرائم کو کنٹرول کرنےاوراپنی بیٹ میں سنیپ چیکنگ کو یقینی بنانے کیلئے ہدایات جاری، محافظ سکواڈ کے موٹر سائیکلوں میں ٹریکر نصب کرنے کا سلسلہ جاری ہے یومیہ پٹرول کی مقدار بھی بڑھا دی گئ ہے، ایس ایس پی آپریشنز شعیب محمود۔تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی آپر یشنز راولپنڈی شعیب محمود نے پولیس لائن ہیڈ کوارٹرز میں محافظ و ڈولفن سکواڈز کو الگ الگ بریفنگ دی،بریفنگ کے دوران ایس ایس پی آپر یشنز نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ محافظ سکواڈ کی ڈیوٹی ٹائمنگ 08گھنٹے کردی گئی اور اضافی پیٹرول بھی مہیا کیا جائے گا،ڈولفن اورمحافظ سکواڈ اپنی اپنی بیٹ کے علاقوں میں ڈیوٹی سرانجام دیں گے،گشت کے نظام کو مزید موثر بنایا جارہا ہے، نیا بیٹ سسٹم متعارف کروانے کے ساتھ ساتھ کرائم پاکٹس کے مطابق بیٹ میں محافظ و ڈولفن سکواڈ کے ہالٹنگ پوائنٹ بھی وضع کر دئیے گئے ہیں، ڈولفن سکواڈ مین شاہراہوں جبکہ محافظ سکواڈ گلی محلوں اور لنک روڈز پر ڈیوٹی سرانجام دیتے ہوئے جرائم کے سدباب کے ساتھ اس کے متعلق معلومات کے تبادلے کے لئے آپس میں رابط رکھیں گے تاکہ جرائم کی روک تھام کو یقینی بنایاجاسکے، ڈیوٹی کے دوران اپنی اپنی بیٹ کے علاقوں میں سنیپ چیکنگ بھی کریں، ایس ایس پی آپریشنز کا کہنا تھا کہ محافظ و ڈولفن سکواڈ کی کارکردگی بہتر ہے جسے بہترین بنانا ہے، محافظ و ڈولفن کے گشت کا نیا نظام و طریقہ کار وضع کرنے کا مقصد تھانہ، محافظ، ڈولفن، ٹیکٹیکل ایکشن گروپ اور سینٹرل پکٹنگ یونٹ جیسے جدید پراجیکٹس کے باہمی رابطے اور موثر استعمال کے ذریعے جرائم پر قابو پانا اور جرائم پیشہ عناصر کو قانون کی گرفت میں لانا ہے تاکہ معاشرہ میں تحفظ کا احساس پیدا ہو سکے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں