Dr. Hafiz Zia-ur-Rehman 39

امیر جے یو آئی ضلع راولپنڈی ڈاکٹر حافظ ضیاء الرحمن جامعہ اسلامیہ صدر راولپنڈی میں منعقد ہوا

جمعیت علماء اسلام ضلع راولپنڈی کی مجلس عاملہ و تحصیل امراء و نظماء کا اجلاس زیر صدارت امیر جے یو آئی ضلع راولپنڈی ڈاکٹر حافظ ضیاء الرحمن جامعہ اسلامیہ صدر راولپنڈی میں منعقد ہوا، اجلاس میں نائب امیر مولانا محبوب الرحمان قریشی،تحصیل مری کے جنرل سیکرٹری قاری نوید احمد عباسی،ضلعی ڈپٹی سیکرٹری جنرل پروفیسر محمد زبیر عباسی،تحصیل راول ٹاؤن کے امیر مفتی مسرت اقبال، تحصیل پوٹھوہار ٹاؤن کے امیر مولانا گل عظیم شاہ،جنرل سیکرٹری مفتی عمر علی حقانی، تحصیل ٹیکسلا کے امیر ملک سفیر عالم، ضلع راولپنڈی کے سیکرٹری مالیات قاری جمیل عباسی،ضلعی سالار قاری کرامت الرحمان،قاری عارف سمیت دیگر زمہ داران نے شرکت کی، اجلاس کے شرکاء کو ضلعی امیر ڈاکٹر حافظ ضیاء الرحمن نے الیکشن کمیشن کی جانب سے کی گئی حلقہ بندیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور ہدایات جاری کیں کہ اس حوالے سے اپنی تحصیلوں میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے کی جانے والی حلقہ بندیوں کا جائزہ لیں اور حکومتی ایماء پر کی جانے والی غلط حلقہ بندیوں پر الیکشن کمیشن میں اعتراض داخل کر کے درست کروانے کی کوشش کریں تاکہ حکومتی جماعت کو من مانی کا موقع نہ مل سکے اور شفاف انداز میں حلقہ بندیوں کا پراسس مکمل ہو سکے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام تحصیلوں میں بتدریج جماعتی سرگرمیوں کا آغاز کیا جائے گا اور اس حوالے سے تحصیلوں کی مجلس عاملہ کے اجلاسات جلد طلب کیے جائیں گے، اجلاس میں پیر طریقت رہبر شریعت مجاھد اسلام شفیق الامہ حضرت اقدس مولانا پیر عزیر الرحمان ہزاروی صاحب رحمہ اللہ کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے حضرت کی وفات کو دینی حلقوں کے لیے بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے ان کی بلندی درجات کی دعاء کی گئی، اجلاس میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر انتہائ تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے حکومت کی بدترین ناکامی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ فوری طور پر مہنگائی پر کنٹرول کرتے ہوئے عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے اور لاک ڈاؤن سے متاثرہ علاقوں میں ایس او پیز کے تحت لوگوں کو تمام کاروباری سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دی جائے،اجلاس میں وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی جانب سے ملک بھر کے ہزاروں دینی مدارس میں امتحانات کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وفاق کے قائدین کو خراج تحسین پیش کیا گیا.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں