Usman-Buzdar 44

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ماڈل پولیس سٹیشن، ڈیزاسٹر مینجمنٹ سینٹر، ون ونڈو سیل اور ویونگ سٹی سمیت فیڈمک کے جاری مختلف منصوبوں کا جلد افتتاح کریں گے

لاہور فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ماڈل پولیس سٹیشن، ڈیزاسٹر مینجمنٹ سینٹر، ون ونڈو سیل اور ویونگ سٹی سمیت فیڈمک کے جاری مختلف منصوبوں کا جلد افتتاح کریں گے، حکومت معیشت کے استحکام اور روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے کے لیے سرمایہ کاروں کو مراعات فراہم کرے گی، اس سے صوبے میں صنعتکاری کے عمل میں تیزی آئے گی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیر کو وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نئے اقتصادی ژونز کی تعمیر کے حامی ہیں، حکومت معیشت کے استحکام اور روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے کے لیے سرمایہ کاروں کو مراعات فراہم کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ نے یقین دلایا ہے کہ حکومت صوبے میں سرمایہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گی، اس کے علاوہ جدید دور کی ضروریات پوری کرنے کے لیے موجودہ انڈسٹریل سٹیٹس کو بھی جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ صوبے میں صنعتکاری کے عمل میں تیزی سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے،انھوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت کاروباری سرگرمیوں کو آسان بنانے کے لیے عملی اقدامات کررہی ہے اور یقین دلایا کہ سرمایہ کاروں کو سہولت کاری فراہم کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ تجارتی و صنعتی سرگرمیوں میں اضافے سے قومی معیشت فروغ پاتی ہے، توقع ہے کہ صوبے میں صنعتی شعبے کے فروغ بارے نئی پالیسی سے علاقے کی قسمت بدل جائے گی۔میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ فیڈمک کو سرمایہ کاروں کی جانب سے حوصلہ افزاءجواب ملا ہے اور چند بین الاقوامی کمپنیوں نے خصوصی اقتصادی ژونز میں سرمایہ کاری کے لیے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بھی کیے ہیں، انھوں نے توقع ظاہر کی کہ انڈسٹریل سٹی میں کروڑوں ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری آئے گی۔میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے فیڈمک کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ حکومت فیڈمک کے جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے تمام دستیاب سہولتیں فراہم کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں