31

وزیراعظم شہبازشریف کے ساتھ کون کون سعودی عرب جائیگا؟

وزیراعظم شہباز شریف کے دورۂ سعودی عرب کا شیڈول جاری کردیا گیا، جس میں ان کے ہمراہ خاندان کے 16 افراد اور بلاول، فضل الرحمان سمیت حکومتی اتحادی بھی شامل ہوں گے جبکہ نواز شریف بھی جلد لندن سے مدینہ پہنچ جائیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف کے پہلے غیر ملکی دورے کا شیڈول جاری کردیا گیا، جس میں 30 سے زائد افراد ان کے ہمراہ ہوں گے، وزیراعظم وفد کے ہمراہ 28 اپریل کو سعودی عرب جارہے ہیں، جہاں وہ 29 اور 30 اپریل کو سعودی فرمانروا، ولی عہد اور اہم سعودی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔

پروگرام کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ بلاول بھٹو زرداری، مولانا فضل الرحمان، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، امیر حیدر ہوتی، شاہ زین بگٹی، اسلم بھوتانی، اسعد محمود، شگفتہ جمانی، اختر مینگل اور خالد مگسی بھی ہوں گے۔

اسسٹنٹ چیف آف پروٹوکول کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ دورۂ سعودی عرب میں علی نواز شاہ، محسن داوڑ، محمود اچکزئی، عبدالمالک بلوچ، شاہ اویس نورانی اور حافظ طاہر اشرفی بھی ہوں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ وفد میں شریف خاندان کے 16 افراد بھی ہوں گے، جن میں حمزہ شہباز، ان کی اہلیہ اور بیٹی، مریم نواز شریف، کیپٹن (ر) صفدر اور صبیحہ عباس شریف بھی شامل ہیں۔

دوسری جانب سابق وزیراعظم نواز شریف بھی لندن سے عید منانے سعودی عرب پہنچ رہے ہیں، وہ 2 سے 3 دن میں مدینہ منورہ روانہ ہوجائیں گے جبکہ نواز شریف اور شہباز شریف کا مکمل خان بھی عید الفطر منانے سعودی عرب جائے گا۔

نواز شریف اور شہباز شریف اپنے اہل خانہ سمیت عمرے کی ادائیگی اور روضۂ رسولﷺ پر حاضری بھی دیں گے۔

علامہ طاہر اشرف کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اور ان کے خاندان سمیت دورۂ سعودی عرب میں شامل تمام افراد اپنا خرچہ خود اٹھائیں گے، میں بھی دورۂ سعودی عرب میں اپنا خرچ خود اٹھاؤں گا، دورہ سرکاری ہے، لیکن کوئی بھی سرکاری خرچے پر نہیں جارہا۔


اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں