news long 16

پی اے ایف فنشنگ اسکول اسلام آباد میں گریجویشن تقریب کا انعقاد

پی اے ایف فنشنگ اسکول کے49ویں کورس کی گریجویشن تقریب آفیسرز میس، پی اے ایف کمپلیکس اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ اس تقریب کی مہمان خصوصی بیگم مریم بابر تھیں جو کہ پاکستان ائیر فورس ویمن ایسوسی ایشن(پفوا) کی صدر اور پی اے ایف فنشنگ اسکول کی سرپرستِ اعلیٰ بھی ہیں۔ مہمان خصوصی نے گریجویٹ ہونے والی طالبات میں سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے۔

بیگم مریم بابر نے پرسنلٹی ڈیویلپمنٹ پروگرام کی کامیاب تکمیل پر طالبات کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے ادار ے میں تربیت کے اعلیٰ معیار کی تعریف کی اور معاشرے کی خواتین کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے فیکلٹی ارکان کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

قبل ازیں فنشنگ اسکول کی ڈائریکٹر مس زیبا شوکت نے کورس کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے اِس کی نمایاں خصوصیات کو اجاگر کیا جن کا مقصد نوجوان بچیوں کو معاشرے کا مفید ممبر بنانا ہے۔

1996ء میں قائم کردہ پی اے ایف فنشنگ اسکول ایشیاء میں اپنی طرز کا واحد ادارہ ہے جہاں خواتین کو مختلف کورسز بشمول کمیونیکیشن سکلز، لینگویجز، منیجمنٹ، آرٹ آف پریزنٹیشن، ڈومیسٹک سائنسز، عمومی ثقافت، آداب میزبانی، بچوں کی دیکھ بھال، نفسیات، اور روحانی افزودگی کے شعبہ جات میں عملی تربیت دی جاتی ہے۔ خواتین کی صلاحیتوں میں نکھار لانے اور ملک میں تعلیم کے فروغ کے لئے پفوا کا یہ ادارہ اپنی کوششوں میں سرگرم ِ عمل ہے۔