Syed Arif Shirazi 77

کرونا کی نئی لہر نے ایک بار پھر بڑی تعداد میں لوگوں کو لپیٹ میں لیا ہے سید عارف شیرازی

راولپنڈی:امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ کرونا کی نئی لہر نے ایک بار پھر بڑی تعداد میں لوگوں کو لپیٹ میں لیا ہے ۔سخت احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور رجوع الی اللہ کی ضرورت ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی دفتر سید مودودی بلڈنگ میں زونل امراء کے ماہانہ تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں لیاقت باغ کے جلسہ عام کے حوالے سے زونل امراء نے اپنی اپنی رپورٹس پیش کیں۔ سید عارف شیرازی نے کہا کہ کرونا کی نئی لہر اور مخدوش حالات کے باوجود جلسہ عام میں مرد و خواتین اور نوجوانوں کی بڑی تعداد میں شرکت خوش آئند ہے ۔جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی نے لیاقت باغ میں کامیاب جلسہ کرکے ایک بار پھر راولپنڈی میں اپنی تنظیمی قوت کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس پر ہم اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں ۔ہم ان تمام افراد کا بھی تہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں کہ جنہوں نے لیاقت باغ کے جلسہ میں شرکت کی ۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک رجوع الی اللہ کا ماہ مبارک ہے۔ انفرادی عبادات کے ساتھ ساتھ صدقہ و خیرات کی طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔سید عارف شیرازی نے اہل خیر سے اپیل کی ہے کہ وہ رمضان المبارک میں مستحقین اور ضرورتمندوں کی امداد کے لئے الخدمت فائونڈیشن کو اپنے عطیات پہنچائیں ۔