Flour 12

آٹا ذخیرہ اندوزی اوربلیک مارکیٹنگ کے تدارک کیلئے صوبوں اورضلعی انتظامیہ کوقیمتوں کی کڑی نگرانی

اسلام آباد:وفاقی وزیرخزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے ملک میں بھرمیں آٹا کی بلارکاوٹ فراہمی یقینی بنانے کیلئے صوبائی حکومتوں اورمتعلقہ محکموں کوتمام ضروری انتظامی اقدامات اورذخیرہ اندوزی اوربلیک مارکیٹنگ کے تدارک کیلئے صوبوں اورضلعی انتظامیہ کوقیمتوں کی کڑی نگرانی کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے یہ ہدایات پیرکویہاں قیمتوں کی نگرانی کیلئے قائم قومی پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ہفتہ کے دوران روزمرہ استعمال کی ضروری اشیا بالخصوص آٹا، چکن، چینی اورخوردنی تیل کی قیمتوں کے رحجانات کاجائزہ لیاگیا، سیکرٹری خزانہ نے اجلاس کے شرکاکوبتایا کہ گزشتہ ہفتہ کے دوران عام آدمی کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 0.81 فیصدکا اضافہ ہواہے، ہفتہ رفتہ میں 6 اشیا کی قیمتوں میں کمی جبکہ 21 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا، وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق کے سیکرٹری نے ملک میں گندم کے ذخائر کے بارے میں بریفنگ دی اوربتایا کہ ملک بھرمیں گندم کے مناسب ذخائرموجودہیں، انہوں نے صوبوں کی جانب سے گندم کے یومیہ اجرا کی صورتحال پراطمینان کااظہارکیااورکہاکہ ملک بھرمیں گندم کی دستیابی اورفراہمی کی صورتحال تسلی بخش ہے۔سیکرٹری خوراک حکومت بلوچستان نے اجلاس کے شرکا کو بتایا کہ پاسکوسے 20 ہزارمیٹرک ٹن گندم فوری طورپراٹھانے کیلئے انتظامات کردئیے گئے ہیں۔وزارت صنعت وپیداوارکی جانب سے اجلاس کوآگاہ کیا گیا کہ جاری سیزن میں گنے کی تقریباً 80 فیصد کرشنگ مکمل ہوچکی ہے۔ کیری اوورسٹاک اورحالیہ کرشنگ سے آنے والے مہینوں میں چینی وافرمقدارمیں دستیاب ہوں گی۔وزارت صنعت وپیداوارکی جانب سے متعلقہ صوبائی حکومتوں کومستقبل میں چینی کی ضروریات کے تخمینہ جات فراہم کرنے کی درخواست کی گئی تاکہ سال بھرکیلئے چینی کی فراہمی کی موثرمنصوبہ بندی کی جاسکے۔وفاقی وزیرحماداظہرنے ملک بھرمیں رعایتی نرخوں پراشیا ضروریہ کی فراہمی کیلئے یوٹیلیٹی سٹورزکارپوریشن کی کوششوں کی تعریف کی اورکہاکہ اس سے ضروری اشیا سے متعلق 5 فیصدصارف طلب کوپوراکرنے میں مددملی ہے۔کمیٹی نے پاکستان بیوروبرائے شماریات کو قیمتوں پرقابوپانے کے ضمن میں ضلعوں کی درجہ بندی کی ہدایت کی تاکہ صوبے اس کے مطابق ضروری اقدامات کرسکے۔ وفاقی وزیرخزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے ملک میں بھرمیں آٹا کی بلارکاوٹ فراہمی یقینی بنانے کیلئے صوبائی حکومتوں اورمتعلقہ محکموں کوتمام ضروری انتظامی اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے ذخیرہ اندوزی اوربلیک مارکیٹنگ کے تدارک کیلئے صوبوں اورضلعی انتظامیہ کوقیمتوں کی کڑی نگرانی کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں وفاقی وزیرصنعت وپیداوارحماداظہر، مشیرتجارت وسرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی محصولات ڈاکٹروقارمسعود، سیکرٹری وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق، سیکرٹری وزارت صنعت وپیداوار، چئیرمین ایف بی آر، ممبرمسابقتی کونسل، ایم ڈی پاسکو، ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن آف پاکستان، چئیرمین ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان اوروزارت خزانہ کے سینئیرافسران نے شرکت کی۔