Sindh High Court 29

لاپتا افراد کیس کی سماعت پر سندھ ہائیکورٹ کا پولیس رپورٹس پر شدید برہمی کا اظہار

کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے لاپتا افرادکی بازیابی کی درخواستوں کی سماعت دوران پولیس رپورٹس پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

سندھ ہائیکورٹ کے جج جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے کہا کہ پولیس کی ناقص کارکردگی کے باعث لاپتا افراد کے اہلخانہ نےکیسزکی پیروی بندکردی ہے اور لاپتا افراد کےاہلخانہ کاجےآئی ٹیز اورپولیس کی کارکردگی سے اعتماد اٹھ رہا ہے۔

عدالت نے کہا کہ لوگ سمجھتے ہیں عدالتیں صرف تقریر کرتی ہیں، لاپتا افرادکے معاملے پر پولیس تفتیش ہی نہیں کرتی، تفتیشی افسر ہر بار کمپیوٹر سے نیا پرنٹ نکال کرلے آتے ہیں، پولیس کی کارکردگی سے لاپتا افرادکے اہلخانہ پریشان ہیں اگر لاپتا افراد کا سراغ نہ لگایا گیا تو جے آئی ٹی سربراہ کی تنخواہ بند کردی جائے گی۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر جے آئی ٹی سربراہ کو بھی طلب کرلیا۔

عدالت نے تفتیشی افسر سے سوال کیا کہ آخری سماعت کے بعد لاپتا افرادکے معاملے پر کیاکیا؟ اس پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ حراستی مراکز سے رپورٹس لینے کے لیے خط لکھے تھے لیکن جواب نہیں آیا، پہلے خط کا جواب نہیں آیا اس لیے دوسرا خط نہیں لکھا۔