Jamaat e Islami 71

مچھ کے المناک حادثہ پر نہایت دکھ کا اظہار میاں محمد اسلم

اسلام آباد : نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے مچھ کے المناک حادثہ پر نہایت دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی جاں بحق کان کنوں کے لواحقین کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے ، ماضی میں بھی جماعت اسلامی نے ہزارہ کمیونٹی کے خلاف دہشت گردی کے واقعات کی بھرپور مذمت کی ہے،انھوں نے کہاریاست اپنی ذمہ داری پوری کرنے میں مکمل ناکام ہو گئی ہے اور وزیراعظم عمران خان کا مچھ مقتولین کے اہل خانہ کے ساتھ شرائط رکھنا انتہائی سنگدلی ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے الفلاح ہال میں ملاقات کے لیے آنے والے افراد سے گفتگو کر تے ہو ئے کی ۔
میاں محمد اسلم نے کہا وفاقی اور صوبائی حکومتیں لوگوں کے جان و مال کے تحفظ میں اب تک ناکام ثابت ہوئی ہیں۔ یہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ ہر کمیونٹی کو تحفظ فراہم کرے لیکن ایسا بالکل نظر نہیں آ رہا۔ وفاق کی ناک کے نیچے نوجوان کو قتل کر دیا گیا۔ گلیوں بازاروں، چوکوں چوراہوں میں معصوم لوگوں کا خون بہہ رہا ہے اور حکومت ہے کہ مکمل غیر سنجیدگی اور غفلت کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ میاں محمد اسلم نے کہا عوام خوف اور ظلم کے سائے کے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔، اسلام آباد جیسے شہر میں شہری غیر محفوظ ہو گئے ہیں ،حکمرانوں کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ ان اسباب کا جائزہ لیتے ہوئے امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے سنجیدہ کوششیں کریں۔