فیصل آبادوفاقی پارلیمانی سیکرٹری ریلویز میاں فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے جس سے انسانی جانوں کو شدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں کیوں کہ اس وائرس سے ہلاک ہونے والے مریضوں کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے تاریخ کی بد ترین کورونا وبا کے خلاف جو اقدامات کئے ہیں اسے دنیا بھر میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے ورلڈ اکنامک فورم نے بھی یہ بات تسلیم کی کہ وزیراعظم عمران خان نے معیشت کو بھی بچایا اور کورونا وبا کے خلاف بھی موثر اقدامات کئے ایک طرف دنیا وزیر اعظم عمران خان کے کورونا کے خلاف کئے جانے والے اقدامات کو سراہ رہی ہے جبکہ دوسری طرف ناعاقبت اندیش کرپٹ اپوزیشن ٹولہ اپنی کرپشن بچانے کیلئے پاکستانیوں کی جانوں سے کھیل رہا ہے اور نام نہاد جلسوں کے ذریعے اپنی لوٹ مار بچانے کیلئے کرونا کو تیزی سے پھیلا رہا ہے جو انتہائی قابل مذمت اور شرمناک فعل ہے۔انہوں نے کورونا کی گزشتہ لہر کے دوران تمام ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل سٹاف اور عملہ کے کردار کو سراہا اور امید ظاہر کی تمام ڈاکٹرز سابقہ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے کورونا کی دوسری لہر کا مقابلہ بھی پوری جانفشانی سے کریں گے اور شہریوں کو اس موذی مرض سے نجات دلائیں گے۔