Jalalabad 16

پاکستان کا جلال آباد میں ہونے والے المناک واقعہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر رنج وغم کا اظہار

اسلام آباد۔21پاکستان نے بدھ کو جلال آباد میں ہونے والے ایک المناک واقعہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بدھ کو جلال آباد میں پاکستانی قونصلیٹ جنرل سے کئی کلومیٹر دور ایک اسٹیڈیم میں افغان حکام کے انتظامات کے تحت پاکستانی ویزا کے لئے درخواست دہندگان کو جمع کرتے وقت بھگدڑ میں قیمتی افغان جانوں کے ضیاع اور زخمی ہونے کی المناک خبر موصول ہوئی۔پاکستان نے متاثرہ افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بڑی تعداد میں ویزا درخواستوں کے پیش نظر ، حکومت پاکستان نے حال ہی میں افغان بھائیوں اور بہنوں کی سہولت کے لئے ایک نئی ویزا پالیسی کا اعلان کیا تھا جس کے تحت کابل میں پاکستانی سفارت خانہ اور جلال آباد ، قندھار ، ہرات اور مزارشریف میں موجود زیلی مشنز اب خاندانی افراد سے ملنے ، کاروبار ، طبی علاج ، تعلیم اور دیگر مقاصد کے لئے پاکستان جانے کے خواہشمند افغان درخواست دہندگان کو ملٹی پل انٹری ویزا جاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی سفارتخانہ اور زیلی مشنز افغانستان میں ویزا کی اس نئی پالیسی کو نافذ کرنے اور ویزا درخواست دہندگان کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں