Punjab Local Government Elections 17

پنجاب لوکل گورنمنٹ انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کا ایک اہم اجلاس

پنجاب حکومت کی استدعا پر ابتدائی حلقہ بندیوں کی اشاعت 15 دن کے لئے مئوخر
آج الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں چیف الیکشن کمشنر جناب سکندر سلطان راجہ کے زیر صدارت پنجاب لوکل گورنمنٹ انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ۔
اجلاس میں الیکشن کمیشن کے معزز ممبران ،حکومت پنجاب کے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ، سیکرٹری لاءو ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمیشن ، صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب و دیگر افسران نے شرکت کی ۔
اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن نے الیکشن کمیشن کو پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی حلقہ بندیوں کی پیش رفت سے متعلق آگاہ کیا۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ پنجاب ویلج، پنچائیت اور نیبر ہوڈ کونسلز کے نام رکھنے سے متعلق کاروائی حکومت پنجاب کے فوکل پرسنز / ڈپٹی کمشنر زکی مشاورت سے مکمل کر لی گئی ہیں اور الیکشن کمیشن کی طرف سےابتدائی حلقہ بندیوں کی اشاعت آج 18ستمبر 2020ء کو ہونی ہے ۔ اشاعت کے لئے تمام انتظامات مکمل ہیں الیکشن کمیشن ابتدائی حلقہ بندیوں کی اشاعت کے لئے بالکل تیار ہے ۔
سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب نے الیکشن کمیشن کو استدعا کی کہ قانوناً پنجاب میں ویلج، پنچائیت ونیبر ہوڈ کونسلز کے نام رکھنے کی کابینہ سے منظوری ضروری ہے ۔ اس تمام کارروائی کے لئے وقت درکار ہے لہذا درخواست کی جاتی ہے کہ اس اہم قانونی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرستوں کی اشاعت جو آج مورخہ 18ستمبر 2020ء کو ہونی ہے اسے ملتوی کیاجائے ۔
مزید برآں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ اگر شیڈول کے مطابق آج حلقہ بندیوں کی ابتدائی اشاعت کی گئی تو حلقہ بندی اتھاریٹز کے دفاتر میں لوگوں کے اعتراضات داخل کرنےاور ان کی سماعت کے سلسلے میں بہت رش ہوجائیگا اور کرونا وائرس کی موجودہ صورت حال میں عوام کی صحت عامہ کو خطرہ لاحق ہوگا ۔ لہذا ان وجوہات کو بھی سامنے رکھتے ہوئے حلقہ بندیو ں کی اشاعت ابھی نہ کی جائے اور صوبائی حکومت کو مناسب وقت دیا جائے تاکہ ویلج، پنچائیت و نیبر ہوڈ کونسلوں کے ناموں کی منظوری صوبائی کابینہ سے لی جا سکے۔
الیکشن کمیشن کے استفسار پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے استدعا کی کہ حلقہ بندیوں کی ابتدائی اشاعت میں 15 دن کی توسیع کی جائے ۔الیکشن کمیشن نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو بتایا کہ الیکشن کمیشن ابتدائی حلقہ بندیوں کی اشاعت کے لئے تیار ہے ۔ بہرحال صوبائی حکومت کی استدعا اور کسی قسم کی ممکنہ قانونی پیچیدگیوں سے بچنے اورلوکل گورنمنٹ انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے حکومت پنجاب کی استدعا منظور کی جاتی ہے اور حلقہ بندیوں کی ابتدائی اشاعت کو فی الحال موخر کیا جاتاہے ۔ الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کو یہ بھی حکم دیا کہ کرونا وباء سے متعلق پنجاب حکومت کا تفصیلی موقف الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کیا جائے تاکہ الیکشن کمیشن انتخابات کے انعقاد سے متعلق مناسب اقدامات اٹھا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں