pm-2 55

ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمدبن زاید النہیان اسلام آباد پہنچ گئے،وزیر اعظم عمران خان نے نورخان ایئر بیس پر استقبال کیا

ابوظہبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی مسلح افواج کے نائب سپریم کمانڈر شیخ محمدبن زاید النہیان جمعرات کو ایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔ وزیر اعظم عمران خان نے نورخان ایئر بیس پر معزز مہمان کا استقبال کیا۔ روایتی لباس میں ملبوس دو بچوں نے معزز مہمان کو گلدستہ پیش کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر توانائی و پٹرولیم عمر ایوب خان بھی موجود تھے۔ بعد ازاں وزیر اعظم عمران خان ابوظہبی کے ولی عہد کی گاڑی خود ڈرائیو کرتے ہوئے ایئر پورٹ سے روانہ ہوئے۔ متحدہ عرب امارات کا اعلیٰ سطح کا وفد بھی ولی عہد کے ہمراہ ہے۔ شیخ محمد بن زاید النہیان اپنے دورے کے دوران وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان معزز مہمان کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیں گے۔ دونوں رہنماوں کے مابین ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بات چیت ہوگی۔ متحدہ عرب امارات (یواے ای) اور پاکستان کے درمیان مسلسل اعلی سطحی دورے اور ملاقاتیں دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار اور قریبی تعلقات کی اہمیت کا مظہر ہیں۔ یہ دورہ پاکستان اور یواے ای کے درمیان استوار خصوصی تعلقات کی قوت ومضبوطی کاعکاس ہے۔یہ تعلقات مشترک عقیدے، ثقافتی قربت اور اس عزم پر استوار ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو نئی بلندیوں اور رفعتوں سے ہمکنار کیاجائے۔ یواے ای مشرق وسطی میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور سرمایہ کاری کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔ یو اے ای تعلیم، صحت اور توانائی کے شعبہ جات میں پاکستان کا بنیادی اور بڑا ترقیاتی شراکت دار ہے۔ یواے ای میں 16 لاکھ سے زیادہ پاکستانی مقیم ہیں جو سالانہ جی ڈی پی میں تقریبا 4.5 ارب ڈالر کا زرمبادلہ بھیج کر اپنا حصہ ڈالتے ہیں۔ ولی عہد کے دورے سے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان کثیرالجہتی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔ ابو ظہبی کے ولی عہد اس سے قبل جنوری 2019ءمیں بھی پاکستان تشریف لائے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں