firdous-ashiq-awan 65

وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا پریس کلب کے باہر بھوک ہڑتالی کیمپ سے خطاب

اسلام آباد وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ انشاء اللہ جلدکشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ حقیقت کا روپ دھارے گا، وزیراعظم عمران خان کشمیریوں کے ترجمان، سفیر اور وکیل کا کردار ادا کر رہے ہیں، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، کشمیر کے بغیر پاکستان کا وجود نامکمل ہے، کشمیری حریت رہنمائوں کی موجودگی میں یوم سیاہ کے موقع پر وزیر اعظم نے جو پیغام دیا ہے وہ پوری پاکستانی قوم کی آواز ہے، آج کے دن پوری قوم یک زباں ہو کر بھارتی دہشت گرد چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر رہی ہے، کشمیریوں کی جدوجہد کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف یوم سیاہ کے موقع پر نیشنل پریس کلب کے باہر علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک اور کیمپ کے دیگر شرکاء کی بھوک ہڑتال بھی ختم کرائی ۔ اپنے خطاب میں معاون خصوصی اطلاعات و نشریات نے کہا کہ یوم سیاہ کے موقع پر حریت رہنمائوں کی موجودگی میں وزیراعظم عمران خان نے جو اپنا خصوصی پیغام ریکارڈ کرایا وہ پیغام پوری قوم اور کشمیریوں کی امنگوں کا ترجمان ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 72سال قبل آج کے دن بھارت نے سری نگر میں اپنی فوجیں اتار کر مقبوضہ وادی پر قبضہ کیا، 72سال گزرنے اور بھارتی فوج کے ظلم و ستم کے باوجود کشمیریوں کی جدوجہد جاری ہے، کشمیری خواتین، بچے، بوڑھے اور جوانوں کو ظلم و ستم کا نشانہ بنایا گیا اور نسل در نسل کشمیریوں کے لئے جو قربانیاں دی ہیں وہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، میں اس موقع پر پوری پاکستانی قوم کی طرف سے یہ تجدید عہد کرتی ہوں کہ ہم کشمیریوں کی ان لا زوال قربانیوںکو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور انہیں سلام پیش کرتے ہوئے یہ عہد کرتے ہیں کہ کبھی انہیں جدوجہد میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران کشمیریوں کے ترجمان، سفیر اور وکیل کا کردار ادا کر رہے ہیں، وہ دن دور نہیں جب کشمیری ظلم کے اندھیروں سے نجات پا کر آزادی کا سورج دیکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان کا وجود نامکمل ہے ہمارا کشمیریوں سے رشتہ روح کا رشتہ ہے اور کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، پاکستانی کشمیریوں کی قربانیوں کی قدر کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے اور پاکستان کی حکومت پوری دنیا میں ہر فورم پر کشمیر کا مقدمہ لڑتی رہے گی۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ 82 روز مسلسل کرفیو ہے اورپوری مقبوضہ وادی سنگینوں کے سائے میں ہے جہاں ادویات ، خوراک کی قلت پیدا کرکے اور ہر قسم کی مذہبی آزادی چھین کر کشمیری مرد و خواتین بچوں اور بوڑھوں کو بد ترین تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے،

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں