Chaudhry Muhammad Sarwar 55

پنجاب کے 14 اضلاع میں پینے کے صاف پانی کے 521 منصوبے لگائے جائیں گے، گورنر پنجاب

لاہور : گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورنے 14اضلاع میں پینے کے صاف پانی کے 521 منصوبوں کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق پنجاب کے چودہ اضلاع میں پینے کے صاف پانی کے منصوبوں کا اعلان کیا گیا۔ صوبائی آب پاک اتھارٹی کے نئے منصوبوں پر 1229 ملین روپے لاگت آئے گی۔ چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ ملک ترقی کو ریورس گیئر لگانے والوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ہر شعبے میں عوام کے ایک ایک پیسے کا تحفظ کر رہی ہے، چیئر مین آب پاک ڈاکٹرشکیل اور چیف ایگزیکٹو زاہدپرویز کی کارکردگی مثالی ہے، وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق آب پاک اتھارٹی کام کر رہی ہے۔ گورنر کا کہنا تھا کہ پہلی بار کوئی حکومت عام آدمی کو سہولتوں کی فراہمی کے لیے کام کررہی ہے، وزیر اعظم کامشن صرف اور صرف عوامی مفادات کا تحفظ ہے۔

اپنے تازہ بیان میں چوہدری محمد سرور نے بتایا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے بیوروکریسی اور آب پاک ایک پیج پر ہے، نئے منصوبے ڈی جی خان، لیہ، راجن پور اور مظفرگڑھ میں ہوں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب سمیت ہر شہر اوردیہات کو صاف پانی فراہم کریں گے، موجودہ حکومت نے پاکستان کو معاشی طور پر دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے۔