Khyber Pakhtunkhwa 20

خیبرپختونخوا حکومت کو سیاحت، تعلیم و صحت اور پن بجلی سمیت ترقیاتی منصوبوں پرتوجہ دینے کی ہدایت

اسلام آباد۔1وفاقی وزیراقتصادی امورمخدوم خسروبختیارنے خیبرپختونخوا کی حکومت کو سیاحت، تعلیم و صحت اور پن بجلی سمیت ترقیاتی منصوبوں پرتوجہ دینے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے یہ ہدایات پیرکویہاں بیرونی معاونت سے مکمل ہونے والے منصوبوں کی نگرانی کیلئے قائم قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں خیبرپختونخوا میں3.1 ارب ڈالرمالیت کے بیرونی تعاون سے جاری 30 منصوبوں کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا جس میں ٹرانسپورٹ، مواصلات، توانائی، دیہی ترقی، تعلیم وتربیت، پانی اور آبپاشی کے نطام کے منصوبے شامل ہیں ۔یہ منصوبے چین، برطانیہ، سعودی فنڈ، جرمنی، فرانس اورعالمی بینک وایشیائی ترقیاتی بینک جیسے ترقیاتی شراکت داروں کی تعاون سے مکمل کئے جارہے ہیں۔ وفاقی وزیرنے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بیرونی تعاون سے جاری منصوبوں پرخیبر پختونخوا حکومت کی کارکردگی قابل ستائش ہے۔انہوں نے کہاکہ منصوبوں کا فائدہ عوام تک پہنچانا موجودہ حکومت کاوژن ہے ۔ انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا میں سیاحت، تعلیم و صحت اور پن بجلی کے منصوبوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ صوبہ سیاحت اورپانی کے وسائل کی استعدادرکھتاہے۔انہوں نے صوبائی حکومت کو ترقیاتی منصوبوں پر ترجیحی بنیادوں پر کام جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن، سیکرٹری اقتصادی امور، ایڈیشنل چیف کمشنر خیبر پختونخوا ، پی ایم آفس کے نمایندوں، وزارت خزانہ اورمتعلقہ صوبائی محکموں کے نمایندوں نے شرکت کی۔