farmer card pakistan 40

تحصیل مری میں کسان کارڈ کا اجراء شروع کر دیا گیا

مری:محکمہ زراعت مری کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے مطابق تحصیل مری کے کاشتکاروں کو کیش ٹرانسفر کے لیے براہ راست کسان کارڈ کا اجراء، کسان کارڈ پر زرعی ادویات، کھاد اور بیج رعائتی قیمت پر دستیاب ہونگے،تفصیلات کے مطابق محکمہ زراعت مری نے وزیراعظم عمران کے وژن اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر زمینداروں کو تمام سبسڈی کیش ٹرانسفر کے طور پر براہ راست پہنچانے کیلئے تحصیل مری میں کسان کارڈ کا اجراء شروع کر دیا گیا ہے جس کے مطابق کاشتکاروں کو رجسٹریشن کے بعد حبیب بنک کے ذریعہ ان کے اکاؤنٹ کھول دیے گئے،کسان کارڈ کے ذریعے رجسٹرڈ کاشتکار ڈیلرز سے کھاد، بیج اور زرعی ادویات رعائتی قیمتوں پر حاصل کرسکیں گے اس کے علاوہ یہی رجسٹرڈ کاشتکار کسان کارڈ کے حصول کیلئے قریبی حبیب بنک کنکٹ شاپ پر اپنے انگوٹھے کی تصدیق کے بعد اپنا اکاؤنٹ کھلوائیں، غیر رجسٹرڈ کاشتکاروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی رجسٹریشن کیلئے محکمہ زراعت (توسیع) کے ہیڈ کوارٹر سے رابطہ کریں جبکہ کسان کارڈ حاصل کرنے کیلئے موبائل پر پیغام وصول ہونے پر کاشتکار محکمہ زراعت (توسیع) کے تحصیل آفیسرز اسسٹنٹ ڈائریکٹر، زراعت آفیسرز اور فیلڈ اسسٹنس سے جلد سے جلد رابطہ کریں، اسسٹنٹ ڈائریکٹر مری کے مطابق رجسٹرڈ کسانوں کو ڈی اے پی کھاد کی ایک بوری کی خریداری پر کسان کارڈ ایک ہزار روپے سبسڈی دی جائیگی اس کے علاوہ زراعت سے متعلقہ حکومت کی جانب سے کسانوں کو دیگر کئی ایک مراعات بھی کسان کارڈ کے ذریعے دی جائیں گی۔