Arts Council Murree 56

نبی آخرالزماں حضرت محمدﷺ روشنیوں کے مینار اور نور ہیں آپﷺ کا پیغام امن

مری نبی آخرالزماں حضرت محمدﷺ روشنیوں کے مینار اور نور ہیں آپﷺ کا پیغام امن، انصاف،ادب،عزت اور توقیر ہے جس حسن اخلاق کے ساتھ آپﷺ نے 63 سالہ زندگی گزاری وہ تمام بنی نوع کے لیے ہدایت کا سرچشمہ ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ پوری دنیا قرآن پاک اور سیرت نبوی ﷺ کی تعلیمات پر عمل کر کے دنیا اور آخرت میں نجات حاصل کریں ان خیالات کا اظہار مہمان خصوصی اور صاحب صدارت معروف علمی اور ادبی شخصیت اور نامور شاعر پروفیسر ڈاکٹر منور ہاشمی نے پنجاب آرٹس کونسل مری محکمہ اطلاعات وثقافت حکومت پنجاب کے زیر اہتمام وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایات کے مطابق پنجاب بھر کی طرح حضرت محمدﷺ کی شان اقدس اور ان کی تعلیمات کو اجاگر کرنے کے لیے ہفتہ شان رحمت اللعالمین کے سلسلے میں منعقدہ نعتیہ محفل مشاعرہ کے اختتام پر اپنے خطاب میں کیا، نعتیہ محفل مشاعرہ میں دیگر شعراء کرام میں پروفیسر ڈاکٹر اشفاق کلیم عباسی،قراۃ العین نقوی، راشد عباسی، قاری محسن حیات، شاہد حسین عباسی اور دیگر نے خوبصورت نعتیہ کلام پیش کیا، حاضرین میں علمی وادبی شخصیات کے علاوہ میڈیا کے احباب اور نوجوانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی، ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل مری محمد شکور نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شدید سردی اور برف باری کے باوجود شان رحمت اللعالمین ﷺکی تقریبات محفل سماع،سیرت کانفرنس، خطاطی کی نمائش، چراغاں، نعتیہ محفل مشاعرہ اور محفل میلاد میں لوگوں کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ حضورﷺ کی شان میں کسی قسم کی گستاخی قابل قبول نہیں۔