کوہسار یونیورسٹی مری میں چوتھی فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا

کوہسار یونیورسٹی مری میں چوتھی فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں شامل تمام ایجنڈا نکات کی متفقہ منظوری دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق کوہسار یونیورسٹی مری میں چوتھی فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حبیب علی بخاری نے کی۔ جبکہ دیگر ممبران میں پروفیسر ڈاکٹر محمد سلطان، پرووائس چانسلر، صداقت عباسی سابق ایم این اے، محمد فاروق اکمل نمائندہ ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب، قراءة العین ظفر ڈپٹی سیکرٹری فنانس ڈیپارٹمنٹ پنجاب، عائشہ حناء فاروق ایچ ای سی اسلام آباد، ڈاکٹر محسن اقبال رجسٹرار کوہسار یونیورسٹی مری اور ڈاکٹر فاران مجید سیکرٹری فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری F&PCنے تمام ایجنڈا نکات پیش کیے۔ اجلاس میں شامل تمام نکات پر تفصیلی بحث کی گئی اور تمام نکات کی متفقہ منظوری دی گئی ۔ان نکات میں بینولا فنڈ کے قوانین، میڈیکل پالیسی، ریسرچ سپورٹ پالیسی، سول ورکس قوانین کی منظوری اور دیگر شامل تھے۔ سیکرٹری فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی نےکہا کہ کوہسار یونیورسٹی مری حال ہی میں قائم ہونے والی یونیورسٹی ہے انھوں نے یونیورسٹی کے لئے Development Grants اور Missing Facilities Grants کی بھی درخواست کی۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حبیب علی بخاری نے کہا کہ قلیل عرصے میں 2000 طلباء یہاں زیر تعلیم ہیں جن کے لئے موجودہ وسائل ناکافی ہیں ۔ ان طلبہ کو بہترین تعلیمی سہولیات باہم پہنچانے کے لئے یونیورسٹی کو تعلیمی و تحقیقی اور انفراسٹرکچر کی مد میں وسائل کی اشد ضرورت ہے۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ حکام بالا طلباء کے مستقبل کو مد نظر رکھتے ہوئے پنجاب ہاؤس کی ساری عمارت یونیورسٹی کے حوالے کرنے کے احکامات جاری کریں جبکہ مری بروری میں بھی یونیورسٹی کی زمین کا تنازعہ حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ وائس چانسلر نے Philanthropists سے بھی اپیل کرتے ہوئے کہ ہمارے پاس غریب و نادار طلباء کی ایک کثیر تعداد موجود ہے جنکی مالی مدد کے لیے یونیورسٹی کو وسائل کی اشد ضرورت ہے۔ آخر میں F&PC کے جملہ ممبران نے وائس چانسلر، پرووائس چانسلر، رجسٹرار اور خزانچی کی یونیورسٹی کے لیے خدمات کو سراہا اور یونیورسٹی کی تعمیر و ترقی کے لئے کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔