Traffic Advice 15

پبلک سروس گاڑیوں کے ڈرائیورز کو ٹریفک و روڈ سیفٹی قوانین کے متعلق بڑے پیمانے پر آگاہی مہم کی فراہمی کا آغاز کر دیا

کلرسیداں(عبدالعزیزپاشا ) چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی کپٹین (ر)رائے مظہر اقبال کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے انچارج ٹریفک کلر سیداں عمران نواب نے پبلک سروس گاڑیوں کے ڈرائیورز کو ٹریفک و روڈ سیفٹی قوانین کے متعلق بڑے پیمانے پر آگاہی مہم کی فراہمی کا آغاز کر دیا۔تفصیلات کے مطابق انچارج ٹریفک کلر سیداں کا کہنا تھا کہ چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی کپٹین (ر) مظہر اقبال کی طرف سے خصوصی احکامات جاری کیے گئے کہ شہریوں کوٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی فراہم کی جائے ہر تحصیل کے انچارج کو ایجوکیشن آفیسر کی ذمہ داری بھی دی گئی ہے تا کہ زیادہ سے زیادہ روڈ یوزرز کو ٹریفک قوانین پر عملدر آمد اور اس کے فوائد کے متعلق بتایا جائے۔انچارج ٹریفک کلر سیداں کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلہ میں پبلک سروس گاڑیوں کے ڈرائیورز میں ٹریفک شعور اجاگر کیا جا رہا ہے تاکہ شاہراہوں پر ٹریفک نظم و ضبط کو پہلے سے زیادہ بہتر بنایا جا سکے۔آگاہی مہم کے دوران کم عمری میں ڈرائیونگ کے نقصانات، پارکنگ قوانین،غلط پارکنگ سے پیدا ہونے والے ٹریفک مسائل،تیز رفتاری و خطرناک ڈرائیونگ،دوران ڈرائیونگ موبائل فون کا استعمال،سیٹ بیلٹ کے فوائد،آن گرانڈدوسرے روڈ یوزرز کے حقوق سے متعلق شعور، پیدل افراد کا خیال رکھنا اور دیگر قوانین سے متعلق بذریعہ پمفلٹس اور لیکچرز آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔