ppp murree 76

پیپلز پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید نیئر حسین بخاری نے کہا ہے

کلرسیداں (عبدالعزیز پاشا سے) پیپلز پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اپنی سوچ اور ذہانت سے ساری دنیا کو باور کروایا کہ وہ ایسی سوچ اور سیاسی بصیرت رکھتے ہیں جس کے ذریعے وہ عوام کی خدمت کر سکتے ہیں۔بھٹو کا بنیادی فلسفہ اسلام ہماری دین، جمہوریت ہماری سیاست اور طاقت کا سرچشمہ عوام ہے۔ اگر آج ہم بھٹو شہید کے بتائے گئے اصولوں پر کاربند رہیں تو دنیا کی کوئی طاقت ہمیں شکست نہیں دے سکتی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز کلر سیداں پیپلز پارٹی کے بانی و سابق وزیر اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کے سلسلہ میں منعقدہ ایک بڑی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب کی صدارت ضلعی صدر چوہدری ظہیر سلطان نے کی۔انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو نے عوام کو روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ دیا مگر موجود حکومت نے بھٹو کے نعرے کی نفی کرتے ہوئے ان سے روٹی،کپڑا اور مکان چھین لیا۔نااہل حکمرانوں نے آڑھائی برسوں میں عوام کو ایک کروڑ نوکریاں دیں نہ ہی پچاس لاکھ گھر۔پی آئی اے اور اسٹیل مل کا بیٹر ہ غرق کر دیا گیا۔ آج بھٹو کے نعرے روٹی کپڑا اور مکان کو جاندار طریقے سے عوام کے سامنے رکھنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ بھٹو شہید نے عوام کو تنظیم سازی کا اختیار دیا،آج ضرورت اس امر کی کہ بھٹو شہید کے دہئے گئے مشن کو آگے بڑھایا جائے۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کو اقتدار اپنی ذات کیلئے نہیں چاہئے، آج بلاول بھٹو کا ساتھ دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سے نجات حاصل کرنے کیلئے پی ڈی ایم بہت جلد لانگ مارچ کرنے جا رہی ہے۔گھر بیٹھ کر جدوجہد نہیں کی جا سکتی۔لارے لپے کی سیاست سے باہر نکلنا ہو گا،لوگ کارکردگی چاہتے ہیں نمبر ٹانکنے سے بات نہیں بنے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی ناک کے نیچے 22 سالہ معصوم کو جس بے دردی سے قتل کر دیا گیا اس کی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ ایک وزیر کی اولاد نہیں جبکہ وزیر اعظم نے اپنی اولاد سے اظہار لاتعلقی کر رکھا ہے ایسی صورت میں انہیں کیا پتہ کہ اولاد کا دکھ کیا ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں ترقی چاہتے ہیں تو پیپلز پارٹی کے دہئے گئے اصولوں پر کاربند رہنا ہو گا۔سیاست میں حکمت عملی بنائی جاتی ہے۔تقاضا تھا کہ تمام سیاسی پارٹیاں یکجا ہو کر حکومت کیخلاف اٹھ کھڑ ہوں،پی ڈی ایم کا اتحاد اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ضمنی انتخابات اور سینیٹ میں میدان کھلا نہیں چھوڑے گی۔ضلعی صدر چوہدری ظہیر سلطان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھٹو شہید کا مشن ہر صورت مکمل کریں گے۔بھٹو شہید کا نام ختم کرنے والے خود مٹ گئے مگر بھٹو آج بھی زندہ ہے۔شعبہ خواتین ضلع راولپنڈی کی صدر سمیرا گل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک دشمنوں نے خاصبانہ مقاصد کو طول دینے کیلئے عوام کے دلوں پر راج کرنے اور دنیا کے مانے ہوئے لیڈر کو تختہ دار پر چڑھا دیا لیکن بھٹو کو پھانسی دے کر مارنے کا دعوی کرنے والے خود لوگوں کی یادوں سے مٹ گئے۔تحصیل صدر محمد اعجاز بٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھٹو نے عوام کے دلوں اور دماغوں کو فتح کیا اور ان میں شعور پیدا کیا کہ وہ کس طرح اپنے حقوق کی جنگ لڑیں۔تقریب سے وحید ستی ایڈووکیٹ،راجہ منصور اختر،چوہدری رضوان کلیال،نذر حسین شاہ،طیب چھٹہ،شیخ مسعود،شمروز یونس،آصف ربانی،مرزا عمر مبین اور راجہ ستار اللہ نے بھی خطاب کیا۔ . . . . . . . . . . . . . . .