Malik Shahid 25

تاجروں کا تحفظ اور ان کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے،ملک شاہد غفور پراچہ

کلرسیداں (عبدالعزیزپاشا سے )مرکزی انجمن تاجران راولپنڈی و صدر پنجاب ملک شاہد غفور پراچہ نے کہا ہے کہ تاجروں کا تحفظ اور ان کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے۔تاجربرادری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور ہر دور میں اس کا اہم کردار رہا ہے۔مسائل کے حل کیلئے صفوں میں اتحاد ناگزیر ہے۔مسائل پیدا ہی حل ہونے کیلئے ہوتے ہیں بس ان کو حل کرنے کا جذبہ ہونا چاہئے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے پیر کے روز کلر سیداں کے نواحی شہر چوکپنڈوری میں انجمن تاجران چوکپنڈوری کے منتخب عہدیداروں کی حلف برداری کی ایک تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کیساتھ جائز مطالبات کے حق میں گفت و شنید کے راستے کو ترجیح دی جائے اگر انتظامیہ پھر بھی بات ماننے کو تیار نہ ہو تو پر امن احتجاج کو آخری آپشن کے طور پر استعمال کیا جانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ وہ گفتگو کرنا بھی جانتے ہیں اور احتجاج کرنا بھی جانتے ہیں مگر ایسی صورت میں مسائل کے حل کیلئے گفت و شنید بہترین راستہ ہے۔انہوں نے تاجروں سے کہا کہ وہ ٹیکس کو ایشو نہ بنائیں کیونکہ ہمارے ملک کو ٹیکس کی ضرورت ہے۔کاروبارکی صورت میں ٹیکس گزار بنیں۔ملک کا قرض ٹیکس ادا کرنے کی صورت میں ہی اتارا جا سکتا ہے، انہوں نے تاجروں کو یقین دلایا کہ جیسی بھی صورت ہو ہم انجمن تاجران کیساتھ ہیں۔جنرل سیکرٹری آل پاکستان موبائل ایسوسی ایشن و صدر ایمپیریل مارکیٹ ساجد حسن بٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونین اتفاق و اتحاد اور مسائل کے حل کا بہترین ذریعہ ہے۔احتجاج سے قبل مذاکرات کا آپشن استعمال کیا جانا تاجروں اور انتظامیہ دونوں کے مفادمیں بہتر ہے۔تقریب سے مرکزی صدر انجمن تاجران راجہ سہیل جہانگیر جنجوعہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چوکپنڈوری شہر کلر سیداں تحصیل کا دوسرا بڑا شہر ہے مگریہاں انتظامی معاملات بھی ہیں جنہیں حل کرنا ضروری ہے۔شہر میں جرائم پیشہ سرگرمیوں کو روکنے کیلئے شہر میں 16 کے قریب سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دہئے گئے ہیں جس سے چوری کی وارداتوں میں بھی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔نائب صدر مرکزی انجمن تاجران راولپنڈی سردارمحمد مشتاق،صدر انجمن تاجران گوجرخان راجہ محمد جواد،سرپرست اعلی ڈاکٹر راجہ جہانگیر جنجوعہ،محمد رشید،راجہ آفتاب احمد جنجوعہ،راجہ محمد اشفاق،حاجی ریاست علی،صوفی ضابر حسین و دیگر بھی موجود تھے۔تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے نو منتخب عہدیداروں میں نوٹیفکیشن بھی جاری کئے اس موقع پر راجہ آفتاب محمد رشید و دیگر نے بھی خطاب کیا