Without number plate 37

شہر میں بغیرنمبر پلیٹ،غیرنمونہ نمبر پلیٹ اور کم عمر ڈرائیور کے خلاف سخت کاروائی کا آغاز

کلرسیداں ( عبدالعزیزپاشا ) سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کے ڈی ایس پی ٹریفک رورل جنید محسن کے احکامات کی روشنی میں انچارج ٹریفک کلر سیداں عمران نواب نے شہر میں بغیرنمبر پلیٹ،غیرنمونہ نمبر پلیٹ اور کم عمر ڈرائیور کے خلاف بلا امتیازاورسخت کاروائی کا آغاز کر دیا۔گزشتہ ماہ بھی کلر سیداں ٹریفک پولیس نے بغیر نمبر پلیٹ اور کم عمر ڈرائیور کے خلاف کاروائی کے دوران273چالان کیے اور کاغذات مکمل نہ ہونے پر متعدد کو تھانہ جات میں بند کروایا۔تفصیلات کے مطابق ڈی ایس پی ٹریفک رورل جنید محسن نے انچارج کلر سیداں عمران نواب کو حکم دیا کہ شہر کے تما م داخلی و خارجی راستوں پر موجود ٹریفک اہلکار بغیر نمبر پلیٹ و غیر نمونہ نمبرپلیٹ اور کم عمر ڈرائیور ز کے خلاف بلا امتیاز قانونی کاروائیوں کا سلسلہ جاری رکھیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ شہر میں ٹریفک کے بہترین انتظامات کرنے کے ساتھ ساتھ، ٹریفک قوانین پر موثر عمل درآمد کروانا،ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنا ،روڈ حادثات کی روک تھام اورشاہراہوں پر روڈ یوزرز کی جان و مال کو تحفظ فراہم کرنا ٹریفک پولیس کی اولین ترجیحات ہیں۔اس موقع پر انچارج کلر سیداں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ قانونی کاروائی سے بچنے کے لیے کمپیوٹرائز نمبر پلیٹ کا استعمال کریںاور کم عمری میں اپنی اولاد کو موٹر سائیکل ، گاڑی دینے سے گریز کریں۔