کلر سیداں اور تعلیمی ادارے!
تحریر :” شیزا شعبان "
کلر سیداں ضلع راولپنڈی کی ایسی تحصیل ہے جس میں 23 یونین کونسل ہیں ۔ اس تحصیل کا اسلام آباد سے فاصلہ 52 کلو میٹر ہے۔ کلر سیداں راولپنڈی سے 40 کلو میٹر ، ڈڈیال سے 50 کلومیٹر ، گوجر خان سے 24 کلو میٹر اور لاہور سے 254 کلو میٹر ہے ۔آزاد کشمیر سے کلر سیداں کا فاصلہ 117 کلو میٹر ہے ۔ کشمیر کے پاس ہونے کی وجہ سے کلر سیداں کی اہمیت بہت زیادہ ہے ۔اس کی کل آبادی دو لاکھ سترہ ہزار ہے۔ شرح خواندگی 62% ہے ۔
تحصیل کلر سیداں کی اتنی آبادی ہونے کے باوجود اچھی تعلیمی درسگاہ نہیں ہے ۔گلی گلی ، محلے محلے سکول اور کالج کھلے ہوئے ہیں ۔لیکن تعلیمی معیار نہ ہونے کے برابر ہے۔ اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس پوری تحصیل میں نام کے گنے چنے سرکاری افسران ہیں۔ لیکن ان میں سے کوئی بھی نہ تو کبھی سی ایس ایس آفیسر بنا نہ ہی بڑی فوج کے کسی اعلیٰ عہدے پر پہنچا سوائے جنرل ٹکا کے۔
اگر پڑھے لکھے والدین کو اپنے بچوں کو کسی سکول میں داخل کروانا ہو تو بہت سوچ بچار کے بعد بچے کو پنڈی یا اسلام آباد بھیجنا پڑھتا ہے۔
پرائیویٹ سکولز میں سرمایہ داری بہت کامیاب ثابت ہوئی ہے۔ لیکن تحصیل میں زیادہ تر وہ لوگ سکول چلا رہے ہیں جنھیں بچوں کے مستقبل میں کوئی دلچسپی نہیں ۔ انھیں صاف اپنے سرمائے اور منافع سے غرض ہے ۔تحصیل کلر سیداں کے جتنے بھی پرائیویٹ سکولز ہیں ان کے سربراہان کی ذیادہ تعداد کا تعلیم سے دور دور تک واسطہ نہیں اور ریسرچ کی جائے جانچ پڑتال کے بعد یہ بات عیاں ہو گی ۔ 90% پرنسپل اور سربراہان نے سکولز کھولنے اور کامیاب ہونے کے بعد بی ایڈ پاس کیا یا ڈگری خریدی۔ یہ بات کرنے کا قطعاً مطلب یہ نہیں کہ انکے کاروبار یا سکولز کھولنے پر اعتراض ہے۔ صرف یہ اثر واضع کرنا ہے کہ تحصیل کلر سیداں میں تعلیمی معیار کیا ہے اور طلباء اور طالبات کے مستقبل کے ساتھ کھیلا جا رہا ہے ۔ تعلیمی اداروں کی کارکردگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ گلی گلی ، محلے محلے ، گاؤں گاؤں ، بستی بستی ٹیوشن اکیڈمی اپنے کام چلا رہی ہیں ۔ اور ہر بچے کر چاہتے نہ چاہتے اکیڈمی جانا پڑتا ہے ۔
اگر سکول کا ماحول اس قابل ہو تو بچوں کو ٹیوشن کی قطعاً ضرورت نہ پڑے۔
ارباب اختیارات سے گزارش ہے کہ تعلیمی نظام کو سرکاری نیم سرکاری اور مخلوط تعلیمی سلسلے کو بہتر کیا جائے ۔ پڑھے لکھے عوام سے خصوصی اپیل ہے کہ وہ آگے آئیں اور تعلیمی سلسلے میں اپنا کردار ادا کر کے کل کے معماروں کا مستقبل بنائیں ۔ تا کہ تحصیل کلر سیداں میں تعلیم کا معیار بہتر ہو۔