Salary increase 33

وزیراعلیٰ پنجاب نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافےکی منظوری دیدی

لاہور : سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں تفاوت دور کرنے کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب نے قابل تحسین فیصلہ کرتے ہوئے تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دے دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے زیر صدارت سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں فرق دور کرنے کیلئے خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزرا راجہ محمد بشارت، میاں محمد اسلم اقبال، ہاشم جواں بخت، سید حسین جہانیاں گردیزی، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری فنانس اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے 15 اور 10 فیصد سپیشل الاؤنس کی تجاویز مسترد کرتے ہوئے ہدایات جاری کی ہیں کہ سرکاری ملازمین کو 25 فیصد سپیشل الاؤنس دیا جائے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر گریڈ 1 سے 19 تک 7 لاکھ 21 ہزار سے زائد صوبائی ملازمین کو سپیشل الاؤنس دیا جائے گا۔ پہلے سے سپیشل ایگزیکٹو الاؤنس لینے والے ملازمین اس سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔ آئندہ ماہ جون میں سپیشل الاؤنس تنخواہوں میں شامل کر دیا جائے گا۔