قاسم خان سوری ، جام کمال خان 25

قاسم خان سوری ، جام کمال خان سے سی ایم سیکرٹریٹ کوئٹہ میں ملاقات کی

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے سی ایم سیکرٹریٹ کوئٹہ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال، مستحقین کو احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت امدادی رقوم اور راشن کی فراہمی سمیت معاشی سرگرمیوں کے لیے تعمیراتی سیکٹر، زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبوں کی جزوی بحالی اور فوڈ سیکیورٹی کے امور پر تفصیلی تبادلہء خیال کیا گیا۔

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو بلڈرز ایسوسی ایشن کوئٹہ کیجانب سے وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق شہر میں ہائی رائز بلڈنگز بنانے کی ضرورت اور اجازت کی تجویز، کان کنی کے مسائل اور کوئٹہ شہر کے مسائل کے حل کے لیے کوئٹہ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کو مکمل فعال کرنے کی ضرورت پر تبادلہء خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ وبائی مرض کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے حکومت پاکستان کے فوری اقدامات کو عالمی ادارہ صحت کی جانب سے سراہے جانے کا سہرا وزیراعظم عمران خان کو جاتا ہے جنہوں نے بروقت اور ضروری فیصلے کر کے ملک کو بڑے پیمانے پر جانی نقصان سے بچایا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ میر جام کمال خان نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کورونا وائرس کی روک تھام کے ساتھ ساتھ دیہاڑی دار طبقہ اور مستحق خاندانوں کی بھرپور معاونت کے اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے جسمیں راشن اور روٹی کی فراہمی بھی شامل ہے انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کے ‘احساس کفالت پروگرام’ کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے اس پروگرام اور معاشی سرگرمیوں کی بحالی کے مختلف پیکجز کے مثبت نتائج آئیں گے۔

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے موجودہ صورتحال کے تناظر میں صوبائی حکومت کے اقدامات کو سراہا اور وفاقی حکومت کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں