Kashmir-10 31

شہید نوجوان کے جنازے میں شرکت کرنے والے متعدد کشمیری گرفتار 

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے ضلع بارہمولہ کے سوپور قصبے میں شہید نوجوان سجاد نواز ڈار کی نماز جنازہ میں شرکت کرنے والے متعدد کشمیریوں کو گرفتار کرلیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایک پولیس عہدیدار نے میڈیا کو بتایاہے کہ شہید نوجوان کے جنازے میں شرکت کرنے والے درجنوں کشمیریوں جن کی تصاویر کے ذریعے شناخت کی گئی تھی کو گرفتار کیاگیا ہے اور انکے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دنوں میں قصبے کے علاقے زینہ گر سے مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔فوجی محاصرے اور لاک ڈاؤن کی پرواہ نہ کرتے ہوئے خواتین سمیت ہزاروں افراد نے قصبے کے علاقے سعدہ پورہ میں شہید نوجوان سجاد ڈار کی نماز جنازہ میں شرکت کی تھی ۔ نوجوانوں اور خواتین سمیت جنازے کے شرکاء نے شہید نوجوان کی میت اٹھا کر مارچ کیا اور آزادی ، پاکستان اور عمر ان خان کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کئے ۔ سجاد ڈار کو سعدہ پورہ کے مزار شہداء میں سپرد خاک کیاگیا ۔ 

ادھر بھارتی فوجیوں نے کولگام ، شوپیاں ، پلوامہ ، بانڈی پورہ اور کپواڑہ اضلاع میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائیاں جاری رکھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں