firdous-ashiq-awan 94

امن کے لئے قوم نے بہت بھاری قیمت ادا کی ہے، مولانا فضل الرحمن امن کے چراغ کیوں بجھانا چاہتے ہیں؟ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ امن کے لئے قوم نے بہت بھاری قیمت ادا کی ہے، ہزاروں جانوں کی قربانی سے ملک میں امن کے چراغ روشن ہوئے ہیں، مولانا فضل الرحمن امن کے چراغ کیوں بجھانا چاہتے ہیں؟۔ ہفتہ کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں مذاکرات ہی غلط فہمیوں کے خاتمہ اور اتفاق رائے پیدا کرنے کا واحد ذریعہ ہیں ،بات چیت سے ہی مسائل کا حل نکلتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن اپنی انا، ضد اور ذات کے خول سے باہر نکلیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز کے تناظر میں اتحاد اور یکجہتی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی ترقی کے حصول اور پاکستان کو عظیم تر بنانے کیلئے سب کو مل کر کاوشیں کرنا ہوں گی۔