Pervez Elahi 65

حکومت کیخلاف کبھی تحریک عدم اعتماد کا سوچ بھی نہیں سکتے: پرویز الہٰی

لاہور : چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ پنجاب میں تبدیلی کا کوئی چانس نہیں، تحریک انصاف کے اتحادی ہیں، حکومت کیخلاف ہماری طرف سے کبھی تحریک عدم اعتماد نہیں آئے گی۔

سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے فی الحال پکانے کیلئے کچھ اکٹھا نہیں کیا، فضل الرحمان کا معاملہ عمران خان کے کہنے پر ہم نے حل کیا، چودھری شجاعت اور میں نے بڑی محنت کر کے مسئلہ حل کیا۔ انہوں نے کہا کہ زرداری، بلاول نے بلا مقابلہ سینیٹر منتخب کرانے میں اہم کردار ادا کیا، سسٹم کی بہتری کیلئے آصف زرداری، بلاول نے میری بات مان لی۔

پرویز الہٰی نے کہا کہ سینیٹ الیکشن جتوایا لیکن حکومت کی طرف سے پھر خاموشی ہے، ہمارے ساتھ پہلے دن جو چیزیں طے ہوئیں ان پر عملدرآمد نہیں ہوا، جب حکومت کو مشکل پڑتی ہے تو ساتھ دیتے ہیں، جہانگیر ترین پارٹی کا حصہ ہیں اور تحریک انصاف میں موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ نواز شریف کی پارٹی ہے وہی فیصلے کرتے ہیں، شہباز شریف ہو یا کوئی اور یہ نواز شریف کا بیانیہ ہے، مریم نواز ہی ن لیگ کی وارث ہیں، مریم، نواز شریف کی سپورٹ اور پارٹی کو لیڈ کر رہی ہیں۔