Support 59

شاہد خاقان کی بلاول سے ملاقات، این اے 249 کے ضمنی انتخاب میں حمایت مانگ لی

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیئر نائب صدر و سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے کراچی میں ملاقات کی۔

پی پی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق شاہد خاقان عباسی پی پی چیئرمین سے ملاقات کیلئے بلاول ہاؤس کراچی پہنچے جہاں دونوں رہنماؤں میں ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں شیری رحمان، نوید قمر اور مفتاح اسماعیل بھی موجود تھے۔

ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری اور شاہد خاقان عباسی کے درمیان این اے 249 کے ضمنی انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

شاہد خاقان عباسی نے بلاول سے این اے 249 میں مسلم لیگ ن کے امیدوار کیلئے پی پی پی کی جانب سے حمایت مانگی۔

اس پر بلاول نے جواب دیا کہ میں پارٹی سے مشاورت کے بعد آپ کو آگاہ کروں گا۔

خیال رہے کہ سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے استعفے کے بعد کراچی کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 249 کی نشست خالی ہوئی تھی۔

اس نشست پرسابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ہیں۔