Nandana-fort jhelum 98

وزیر اعظم عمران خان نے نندنہ قلعہ، ضلع جہلم کے تاریخی البیرونی مقام پر ہیریٹیج ٹریل کا افتتاح کریں گے

اسلام آباد۔28فروری (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان اتوار کو نندنہ قلعہ، ضلع جہلم کے تاریخی البیرونی مقام پر ہیریٹیج ٹریل کا افتتاح کریں گے۔اتوار کو وزیراعظم آ فس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم کے سیاحت کے فروغ کے ویژن اور قومی ٹورزم اسٹریٹجی 30-2020 کے تحت ملک بھر میں تاریخی اور قومی ورثہ کے حوالے سے اہم مقامات کو سیاحت کے فروغ اور مقامی آبادی کی ترقی کے لیے اجاگر کیا جا رہا ہے۔

ان ہی مقامات میں سے ایک نندنہ قلعہ، ضلع جہلم ہے جس کو معروف مسلمان سائنسدان ابو ریحان البیرونی سے منسوب کیا جاتا ہے۔ یہ وہی مقام ہے جہاں البیرونی نے قیام کیا تھا اور کرہ ارض کی پیمائش کے لیے تجربات کیے تھے۔نندنہ قلعہ کے قرب میں چھ اور اہم تاریخی اور قومی ورثہ کے اعتبار سے اہم مقامات ہیں جن میں نندنہ مندر، کٹاس مندر، کھیوڑہ کی نمک کانیں، ملوٹ قلعہ، ملوٹ مندر اور تخت بابری شامل ہیں-

یہ مقامات Heritage Trail کا حصہ بن جائیں گے جن تمام کو سیاح ایک ساتھ دورہ کر سکیں گے۔وزیر اعظم کے وژن کے تحت ملک بھر میں ایسے مقامات کی نشاندہی کی جارہی ہے جس سے ہماری تاریخ اور قومی ورثہ اجاگر کیا جا سکے۔ ان مقامات پر سیاحت کے فروغ سے مقامی آبادی کو معاشی فوائد بھی حاصل ہو سکیں گے۔وزیراعظم عمران خان ٹلہ جوگیاں نیشنل پارک اور سالٹ رینج نیشنل پارک کا آغاز بھی کریں گے۔ یہ دو نئے نیشنل پارکس چھ پروٹیکٹڈ ایریاز میں شامل ہیں۔

چھ پروٹیکٹڈ ایریاز میں ان نیشنل پارکس کے علاوہ خیری مورت نیشنل پارک، چھنجی نیشنل پارک، نمل ویٹ لینڈ اور چشمہ ویٹ لینڈ نیچر ریزروز شامل ہیں۔ وزیراعظم کو سالٹ رینج میں جنگلی حیات کے تحفظ اور ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی جائے گی۔ وزیر اعظم دورے کے دوران زیتون کا پودا بھی لگائیں گے۔