pm 16

غریب عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ،عمران خان

اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح عام آدمی کا مفاد ہے۔ مشکل معاشی حالات کی وجہ سے غریب عوام سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، ان کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو اپنی زیر صدارت حکومتی معاشی ٹیم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانے اور عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے ممکنہ اقدامات پر غور کیا گیا۔اجلاس میں وفاقی وزراء ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، اسد عمر، مخدوم خسرو بختیار، مشیران عبدالرزاق داؤد، ڈاکٹر عشرت حسین، گورنر سٹیٹ بنک ڈاکٹر رضا باقر،معاونین خصوصی ڈاکٹر وقار مسعود، ندیم بابر، تابش گوہر اور سینئر افسران شریک ہوۓئے ۔اجلاس میں احساس پروگرام کے تحت مستحق خاندانوں کو ٹارگٹڈ سبسڈی کی فراہمی کے حوالے سے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح عام آدمی کا مفاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل معاشی حالات کی وجہ سے غریب عوام سب سے زیادہ متاثر ہو رہی ہے لہذا ان کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ بالواسطہ ٹیکسز کا بوجھ سب سے زیادہ غریب طبقات پر پڑتا ہے لہذا بالواسطہ ٹیکسز کا بوجھ کم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔وزیر اعظم نے معاشی ٹیم کو ہدایت کی کہ درآمد شدہ کھانے پینے کی مختلف اشیا پر عائد ٹیکسز میں بھی کمی کے حوالے سے بھی تجاویز پیش کی جائیں تاکہ عوام بالخصوص غریب اور مڈل کلاس کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔\