ispr-3 14

پاک فوج کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے ، ترجمان پاک فوج

راولپنڈی:پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) ڈائریکٹر جنرل ،میجر جنرل افتخار بابر نے کہا ہے کہ پاک فوج کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی کسی سے بیک ڈور رابطے ہیں ،اگر کسی کے پاس ثبوت ہیں تو سامنے لائیں اس طرح بغیر تحقیق کے پاک فوج کو سیاست میں نہ گھسیٹیں، ہمارے لئے سکیورٹی بڑا فریضہ ہے جو سرانجام دے رہے ہیں۔ وہ پیر کو میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ ترجمان پاک فوج میجر جنرل افتخار بابر نے کہا کہ پی ڈی ایم سے متعلق کچھ چہ مگوئیاں کی جا رہی ہیں، پی ڈی ایم کے حوالے سے قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دنیا کے سامنے ایک ڈوزیئر رکھا، بھارت دنیا بھر میں بے نقاب ہوچکا، ڈس انفولیب سے متعلق متعدد انکشافات سامنے آئے، بھارت نے پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی، بھارت کا خطے میں منفی کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ علی سد پارہ قومی ہیرو اور اثاثہ ہیں، ہماری دعا ہے علی سدپارہ خیریت سے ہوں، کوہ پیماوں کی تلاش کیلئے تگ ودو کی جا رہی ہے، کوہ پیماوں کی تلاش کیلئے تمام تر کوششیں کر رہے ہیں، سرچ آپریشن میں کوئی کمی نہیں ہوگی، خراب موسم کے باوجود مسلسل سرچ آپریشن کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا وبا سے پوری دنیا متاثر ہوئی، پاکستان نے وبا کا بہادری سے مقابلہ کیا، فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز سب سے زیادہ ویکسین کے حقدار ہیں۔انہوں نے پیپلز لبریشن آرمی کی جانب سے پاکستان کی مسلح افواج کے لئے ویکسین عطیہ کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے اپنی راویات کو برقرار رکھتے ہوئے یہ ویکیسین فرنٹ لائن ورکرز کے لئے قومی ویکسین مہم کو بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔