Ali Amin Khan Gandapur 39

پاکستانیوں کے دل ہر دن اپنے کشمیری بہنوں اور بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں،علی امین خان گنڈاپور

اسلام آباد:وفاقی وزیر اُمور کشمیر وگلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا کہ پاکستانیوں کے دل ہر دن اپنے کشمیری بہنوں اور بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں،حق خود ارادیت کے حصول تک پاکستان کشمیروں کی تمام ترحمایت جاری رکھے گا،بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو ظلم وجبر اور ریاستی دہشت گردی کی المناک مثال بنا رکھا ہے۔یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں علی امین گنڈاپورنے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری نوجوانوں کا ماورائے عدالت قتل معمول بن چکا ہے،5 اگست 2019کے اقدامات سے بھارت مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی کو تبدیل کرنا چاہتا ہے، انسانی حقوق، انصاف کے عالمی اداروں، یورپی یونین اور برطانوی پارلیمنٹ نے بھارتی اقدامات کی بھرپور مذمت کی ہے۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بھارت میں نام نہاد سیکولرزم اورجمہوریت دفن ہو چکی ہے، بھارتی ریاستی ادارے آرایس ایس کے ہندتوا نظریے کے ایجنٹس بن چکے ہیں،بھارتی حکومت،فوج اور میڈیا کے درمیان ناپاک گٹھ جوڑ دُنیا کے سامنے بے نقاب ہو رہا ہے۔علی امین گنڈاپورنے کہا کہ مسئلہ کشمیر انسانی حقوق کی پامالی،تقسیم ہند اور عالمی امن کے حوالے سے حساس مسئلہ ہے ،مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اقوام متحدہ جلد ازجلد اقدامات اٹھائے،وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں کے وکیل اور سفیر کے طور پر مسئلہ کشمیر کو تمام عالمی فورمز پر بھرپور اندازسے اٹھایا ہے۔