Mahmood Qureshi 12

ملتان کے لیے ترقیاتی پیکج کا اعلان بھی متوقع ہے۔ وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی

ملتان:وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ہم نے جنوبی پنجاب صوبے کی بنیاد رکھ دی ہے۔ جنوبی پنجاب صوبے کا خواب زندہ تعبیر ہوگا۔ یہاں کے عوام کا مستقبل روشن ہے۔ ملتان میں جنوبی پنجاب کے سیکرٹریٹ کے معاملے پر بہت تنقید ہوئی ۔بہت باتیں ہوئیں ‘ہم نے پہلے کہا تھا کہ ملتان جنوبی پنجاب کااہم شہر ہے اور یہاں پر جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بنے گا اور جلد ہی وزیراعظم پاکستان ملتان میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا سنگ بنیاد رکھنے آرہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نیو ملتان میں مدنی چوک تا الفلاح مارکیٹ فلائی اوور کے میگا منصوبے کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہاکہ ملتان کا سیوریج نظام ناقص اور پینے کو صاف پانی میسر نہیں۔ وزیراعظم پاکستان سے گزارش کرونگا کہ کہ اس علاقہ نے تحریک انصاف کو منفرد کامیابی دی عوامی مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے ملتان کے لئے ایک بہت بڑے ترقیاتی پیکیج کی منظوری دی جائے۔وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمودقریشی نے کہا کہ بلوچستان کے علاقے مچھ میں 11مزدوروں کا بہیمانہ قتل پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کی سازش ہے۔ان مزدوروں کو آنکھوں پر پٹیا ں باندھ کر گولیوں کانشانہ بنایاگیا۔انہوں نے کہا کہ اس واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ ہم ان سازشوں کامقابلہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان میں افرا تفری اور انتشار پھیلا کر عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتا ہے۔ پاکستان کو معاشی طور پر کمزور کرنے کی سازش ہو رہی ہے ۔ ہم نے ڈوزیئر کے ذریعے بھارت کے ناپاک عزائم کی دنیا بھر میں تشہیر کی اور ہندوستان کے منصوبوں کو بے نقاب کیا ۔ ڈس انفو لیب نے انکشاف کیا کہ 750جعلی ویب سائٹ کے ذریعے بھارت پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی اور منصوبہ بندی کررہاہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ قوتیں پاکستان کو داخلی و خارجی محاذ پر نقصان پہنچاناچاہتی ہیں۔ہمیں ایسی قوتوں کو بے نقاب کرنا ہوگا اور انہیں شکست دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وہ قوتیں جو انتشار اور عدم استحکام پیدا کرنا چاہتی ہیں وہ پاکستان کی دشمن قوتیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آپ کامنتخب نمائندہ دنیا کے ہر دارالخلافہ میں پاکستان کی عظمت کا جھنڈا بلند کرنے کی کوشش کررہاہے ۔ پاکستان کے دشمنو ںکی آنکھو ںمیں آنکھیں ڈال کر نظریہ ‘ اساس اور جغرافیہ کا دفاع کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان ملکی معیشت کی مضبوطی کیلئے ٹھوس پالیسیاں بنا رہے ہیں جن کے مثبت نتائج برآمد ہونگے۔انہوں نے کہاکہ ملکی معیشت کاپہیہ چل پڑا ہے جو اب کبھی نہیں رک سکتا۔ دو سال پہلے ملتان اور فیصل آباد کی پاور لوم انڈسٹری زبوحالی کا شکار تھی اور پاور لوم فیکٹریاں کباڑ میں فروخت ہو رہیں تھیں۔ وزیراعظم نے پاور لوم انڈسٹری کی بحالی کیلئے خصوصی پیکیج کا اعلان کیا ہے اوراس سے پاور لوم کے کاروبار سے وابستہ دو لاکھ خاندان مستفید ہونگے جس کی بدولت ملکی روزگار میں اضافہ ہوگا‘ عوام میں خوشحالی آئیگی‘ غربت کم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی زندگی میں آسانی پیدا کرنے کیلئے عوام دوست پالیسیاں بنا رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ مدنی چوک فلائی اوور منصوبہ یہاں کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا جس کے لئے یہاں کے عوام نے کئی دفعہ احتجاج کیا۔انہوں نے کہاکہ ماضی میں عوام کو جھوٹی تسلیاں اور وعدہ کئے گئے عملی اقدامات نہ کئے گئے۔ ہم جھوٹے وعدوں اور نعروں پر یقین نہیں رکھتے ہم عملی اقدامات کرتے ہیں۔ میں2018ءکے انتخابات میں گلشن مارکیٹ آیا تو یہاں کے تاجروں نے فلائی اوور کی تعمیر کا مطالبہ کیا اور میں نے انہیں کہا کہ میں وعدہ نہیں کرتا لیکن کوشش کرونگا کہ آپ کے مطالبے کو عملی جامعہ پہنائوں اور آج اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے یہاں کے عوام سے کیا گیا ایک بہت بڑا وعدہ پورا کرنے جا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس میگا پراجیکٹ سے یونین کونسل 13‘14‘15‘16‘64 اور 65 کے عوام مستفید ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان میں سورج کنڈ روڈ 30سال سے التواءکا شکار تھاجبکہ سوئی گیس روڈ بھی 30سال سے زیر التواءتھا اب دونوں منصوبے تکمیل کے مراحل میں ہیں۔میرا ماضی گواہ ہے جب بھی اقتدار ملا خلوص نیت سے تمام توانائیاں عوامی ترقی پر خرچ کیں۔ انہوں نے کہا کہ ملتان کا فرزند ہوں ملتان کی ترقی میرا فرض ہے جو ہوسکا ملتان کی ترقی کے لئے کرونگا۔۔تقریب میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ملک عامرڈوگر، صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک ‘ صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات ندیم قریشی ،ایم پی اے حاجی جاوید اختر انصاری و معززین علاقہ کی ایک بہت بڑی تعداد موجود تھی۔