Ambassador 67

پاکستان میں چین کے نئے تعینات ہونے والے سفیر نونگ رونگ سے ملاقات

اسلام آباد وفاقی وزیراقتصادی امورمخدوم خسروبختیارنے کہاہے کہ گزشتہ دوبرسوں میں چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت مختلف منصوبوں کوتیزی سے مکمل کیاجارہاہے۔انہوں نے یہ بات بدھ کویہاں پاکستان میں چین کے نئے تعینات ہونے والے سفیر نونگ رونگ سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ملاقات میں پاکستان اورچین کے درمیان اقتصادی شعبہ میںتعاون اور سی پیک سے متعلق امورپر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔وفاقی وزیرنے کہاکہ کوروناوائرس سے نمٹنے میں چین کی طرف سے تعاون کیلئے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبہ کو اہم قراردیتے ہوئے کہاکہ پچھلے دو سالوں میں سی پیک کے تحت مختلف منصوبوں کوتیزی سے مکمل کیا جارہاہے۔وفاقی وزیرنے کہاکہ پاکستان اورچین مختلف شعبوں میں قریبی تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت، کاروباراور زرعی شعبے میں تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے بھرپوراستفادہ کرنا ہوگا۔پاکستان میں چین کے سفیرنے اس موقع پرکہاکہ پاکستان اورچین قریبی دوست ممالک ہیں اورپاکستان کے ساتھ تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں چین کی معاونت اورسرمایہ کاری کے پورٹ فولیومیں اضافہ کی استعداد کو بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ چینی سفیرنے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کیلئے مل کر کام کریں گے